بنگلور سے ایک ہزار کشمیریوں کو لیکر پہلی خصوصی ریل گاڑی منگل کی صبح ادھم پورہ پہنچ گئی
ادھم پورہ سے مسافروں کو خصوصی بسوں کے ذریعے اپنے اضلاع کو روانہ کیا گیا
سرینگر/12 مئی: بیرون ریاستوں میں درماندہ کشمیریوں کی گھر واپسی کے بیچ بنگلور سے ایک ہزار افراد کو لیکر خصوصی ریل گاڑی منگل کی صبح ادھم پور پہنچ گئی ۔ ادھم پور پہنچنے کے بعد ان کو خصوصی بسوں کے ذریعے اپنے اپنے اضلاع کو روانہ کر دیا گیا ۔ سی این آئی کے مطابق لاک ڈائون کے باعث بیرون ریاستوں میں درماندہ کشمیریوں جن میں طلبہ کی ایک خاصی تعداد موجود ہے کی گھر واپسی کا سلسلہ جاری ہے اور منگل کی صبح بنگلور سے خصوصی ریل گاڑی ایک ہزار کشمیری جن میںطلبہ اور دیگر افراد شامل تھے ادھم پور پہنچ گئی ۔ معلوم ہوا ہے کہ منگل کی صبح قریب 12بجے یہ ریل گاڑی ادھم پورہ پہنچ گئی جہاں اس میں سوار طلبہ اور دیگر افراد کی سکریننگ کرائی گئی جس کے بعد انہیں خصوصی بسوں کے ذریعے اپنے اپنے ضلع کیلئے روانہ کیا گیا ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر ادھم پورہ نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ منگل کی صبح ریل گاڑی طلبہ اور دیگر افراد کو لیکر ادھم پورہ اسٹیشن پر پہنچ گئی ۔ انہوں نے کہا کہ بنگلور سے آنے والے مسافروں کو کھانے پینے کا سامان فراہم کیا گیا جبکہ انہیں بسوں کے ذریعے اپنے علاقوں کو روانہ کیا گیا ۔ ادھر انتظامیہ کے ایک افسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ باہر سے آنے والے تمام افراد کی مکمل طبی جانچ کی جائے گی اور ان کے ٹیسٹ ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام افراد کو انتظامی کورنٹائن میں رکھا جائے گا جس کے بعد جس جس کا ٹیسٹ منفی آئے گا تو انہیں گھروں میں 14دنوں کیلئے کورنٹائن کیا جائے گا ۔
Comments are closed.