جموں کشمیر میں 15اپریل تک انٹرنیٹ سست رفتار پر ہی چلے گا؛ 4 جی انٹرنیٹ پر پابندی میں مزید توسیع، لوگوں میں مایوسی

سرینگر/04اپریل: جموں کشمیر میں فی الحال2 جی انٹرنیٹ سروس کو جاری رکھا جائے گا اور 15 اپریل تک 4 جی انٹرنیٹ پر عائد پابندی برقرار رکھی جائے گی۔عوامی حلقوں اور مین سٹریم سیاسی لیڈران کی عرضیاں کوڈے دان میں ڈالتے ہوئے انتظامیہ نے جموں کشمیر میں انٹرنیٹ سہولیات سست رفتارپر ہی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے کیوں کہ بقول انتظامیہ چند شرپسند عناصر آج بھی سوشل میڈیا پر پروپگنڈا کی مہم چلانے میں مصروف ہے ۔ اس ضمن میںگذشتہ شام یو ٹی انتظامیہ کے ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ایک حکم نامہ جاری کیا گیا جس میں واضح کیا گیا کہ15 اپریل تک 4 جی انٹرنیٹ پر عائد پابندی برقرار رکھی جائے گی ۔کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق انتظامیہ کی طرف سے 4 جی انٹرنیٹ پر عائد پابندی میں بار بار توسیع کی جارہی ہے۔کورونا وائرس کے دنیا کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر میں بھی تیزی سے پھیلنے کے خدشات کے پیش نظر جاری لاک ڈان کے دوران 4 جی کو بحال کرنے کا مطالبہ زور پکڑتا جارہا ہے۔جبکہ سپریم کورٹ میں بھی گزشتہ روز ایک درخواست دائرکی گئی ہے جس میں سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ مرکزی و جموں و کشمیر حکومت کو 4 جی انٹرنیٹ سروس بحال کرنے کا حکم دے۔اس کے ساتھ ساتھ مین سٹریم جماعتوں کے علاوہ عوامی حلقوںنے بھی انتظامیہ سے بار بار اپیل کی کہ جموں کشمیر میں انٹرنیٹ پوری رفتار کے ساتھ بحال کیا جائے تاہم انتظامیہ نے تمام لوگوں کے مسائل صرف نظر کرتے ہوئے حسب سابقہ انٹر نیٹ کی رفتار دھیمی رکھنے کا ہی فیصلہ کیا ہے جس کے نتیجے میں یہاںکے لوگوں میں کافی مایوسی پھیل گئی ہے ۔

Comments are closed.