کورناوائرس سے متاثرہ کنبہ کے گھر کا نقب زنوں نے کیا صفایا

حاجن میں واقعہ:پولیس نے فنگرپرنٹ اور فارنسک ٹیم طلب کی

سرینگر/30مارچ: کوروناوائرس کے مریض کے گھر پر نقب زنوںنے نقب لگاکر قریب تین لاکھ روپے کے نقدی اور دیگر قیمتی سامان کو اُڑالیا ہے ۔ پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے معاملے کی تحقیقات شروع کی۔ اس دوران پولیس نے فنگرپرنٹ ماہرین اور فارنسک ٹیم کو طلب کرکے چھان بین شروع کی ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق صد ر کوٹ بالاحاجن بانڈی پورہ میں کووڈ 19کے ایک مریض کے گھر کے دیگر افراد کو کورنٹائن میں رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے پورا گھر خالی ہے جس کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے نقب زنوں نے کورناوائرس کے متاثرہ شخص کے گھر میں دوران شب نقب لگائی اور وہاں سے نقدی اور جنس قریب 3لاکھ روپے مالیت کاسازوسامان اُڑالیا ہے ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ شخص کے گھر کی کھڑکیاں ٹوٹی ہوئیں دیکھی گئی جبکہ ایک بریف کیس کے ٹکڑے ایک کھلی جگہ دیکھی گئی جس کے بعد مقامی لوگوں نے پولیس کو مطلع کیا ۔ اس دوران پولیس نے اس معاملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے اس ضمن میں کیس کرلیا ہے اور اس سلسلے میں فارنسک ٹیم کے علاوہ فنگرپرنٹ ماہرین بھی جائے واردات پر اہم ثبوت اکھڑا کئے ہیں ۔ پولیس نے کہا ہے کہ چوری کی اس واردات میں ملوث افراد کو پکڑنے کیلئے ہر ممکن اقدام اُٹھایا جائے گا۔ (سی این آئی )

Comments are closed.