پلوامہ میں کھیت سوکھ جانے پر وحیدہ پرہ کا اظہار تشویش ، وزیر اعلیٰ سے فوری مداخلت کی اپیل

سرینگر /17جون

جنوبی ضلع پلوامہ کے مختلف علاقوں میں پانی کی قلت کے باعث دھان کی پنیر ی لگانے میں کسانوں کو درپیش مشکلات اور کھیت سوکھے پڑنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ممبر اسمبلی پلوامہ وحید الرحمان پرہ نے وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ سے اس معاملے میں ذاتی مداخلت کی اپیل کی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق ممبر اسمبلی پلوامہ وحید الرحمان پرہ نے اپنے حلقہ انتخاب کے کئی علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا جس دوران انہوں نے لوگوں سے بات چیت کی ۔ دورے کے دوران وحید الرحمان پرہ نے مختلف مقامات پر مشاہدہ کیا کہ آبپاشی نہریں سوکھ چکی ہے جبکہ پانی کی قلت کے باعث کئی علاقوں میں دھان کی پنیری لگانے سے بھی محروم ہے ۔ اس موقعہ پر انہوں نے کہا کہ کشمیر میں کسان طویل خشکی اور آبپاشی کی نہروں بند ہونے کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھان کی پنیری لگانے کا سیزن عروج پر ہے تاہم نہروں میں پانی نہ ہونے کے باعث کھیت خشک ہے یا کئی مقامات پر سوکھے پڑیں ہوئے ہیں ۔

پرہ نے کہا کہ برسوں کی نظر انداز، سیاسی خلا، اور فنڈس اور مشینری کی کمی ہمارے کسانوں کو تباہ کر رہی ہے۔ چونکا دینے والی بات یہ ہے کہ درجنوں چیف انجینئران کی اہم اسامیاں، محکمہ آبپاشی اور پی ایچ ای میں ایس ای کی کرسیاں خالی ہیں، جس سے سرکاری فائلیں خاک میں مل رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس بحران کو ختم کرنے کیلئے محکمے کو فوری طور پر اونتی پور چرسو بیلٹ میں پانی کے پمپ لگانا چاہیے اور بغیر کسی تاخیر کے تمام نہروں کو صاف کرنا شروع کرنا چاہیے تاکہ کھیتوں تک پانی مسیر ہو سکے اور کسانوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے ۔ وحید پرہ نے کہا کہ میں وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ سے اس معاملے میں فوری طو رپر ذاتی مداخلت کی اپیل کرتا ہوں ۔

Comments are closed.