چندر کوٹ رام بن اور چندوسہ بارہ مولہ میں اراضی دھنس جانے سے کہرام

39رہائشی مکانات تباہ ، 40کنبے محفوظ مقامات کی اور منتقل

سرینگر29 //مارچ//یو پی آئی // چندر کوٹ رام بن اور چندوسہ بارہ مولہ میں میں اراضی دھنس جانے کے نتیجے میں39رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ۔ معلوم ہوا ہے کہ انتظامیہ نے 40کنبوں سے وابستہ افراد کو محفوظ مقامات کی اور منتقل کیا ۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں چندر کوٹ رام بن میں اراضی دھنس جانے کے نتیجے میں 35رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ نمائندے نے بتایا کہ کئی رہائشی مکانات میں دراڑیں پڑنے سے وہ ناقابل رہائش بن گئے ہیں جس وجہ سے انتظامیہ نے 40کنبوں سے وابستہ افراد کو محفوظ مقامات کی اور منتقل کیا۔ ایس ایچ او نذیر احمد نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع انتظامیہ اور پولیس ٹیم نے فوری طورپر علاقے کا معائنہ کیا اور وہاں چالیس کنبوں کوباہر نکال کر اُنہیں سرکاری عمارتوں میں رکھا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ مذکورہ افراد کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ ادھر بارہ مولہ کے چندوسہ علاقے میں بھی اراضی کھسکنے کی وجہ سے چار رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ نمائندے نے بتایا کہ بشیر احمد چچی ، عبدالرشید چچی ، محمد رفیق چچی اور عبدالمجید چچی پسران غلام محمد چچی ساکن چندوسہ کے رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے ۔

Comments are closed.