حیدر پورہ کے متوفی شخص کے 11افرادِ خانہ کا کورنا وائرس ٹیسٹ منفی آگیا

رعناواری اسپتال میں قائم قرنطینہ وارڈ میں ضروری سہولیات کا فقدان ، مریض پریشان

سرینگر28 //مارچ//یو پی آئی // حیدر پورہ کے متوفی شخص کے 11افرادِ خانہ کا کورنا وائرس ٹیسٹ منفی آگیا ہے ۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق حیدر پورہ کے رہنے والے اُس شخص جس کی گزشتہ روز کورنا وائرس کے باعث موت واقع ہوئی تھی کے افرادِ خانہ کو فوری طورپر جواہر لال نہرو اسپتال رعناواری میں طبی نگہداشت میں رکھ کر اُن کے نمونے حاصل کئے گئے۔ معلوم ہوا ہے کہ سبھی 11افراد کے ٹیسٹ منفی آگئے ہیں۔ اس موقع پر قرنطینہ میں داخل افراد کا کہنا ہے کہ اسپتال میں سہولیات کا فقدان ہے جس وجہ سے وہاں بھرتی مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے۔متوفی شخص کی بیٹی رابیہ نے بتایا کہ رعناواری اسپتال میں گرمی کا کوئی انتظام نہیں جس وجہ سے پچھلے تین روز وہ ٹھٹھرتی سردی میں رہنے پر مجبور ہو گئے۔ انہوںنے کہاکہ رعناواری میں قائم قرنطینہ سینٹر زبح خانے میں تبدیل ہو گیا ہے کیونکہ وہاں پر ڈاکٹر مریضوں کا علاج کرنے سے قاصر ہے اور کوڈ 19کے مشتبہ مریضوں کے وارڈ تک میں بھی کوئی نہیں آتا اور اس طرح سے مریضوں کو اوپر والے کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ رابیہ نے مزید کہا کہ رعناواری اسپتال میں 22مریضوں جن میں تین سالہ اور آٹھ ماہ کی بچی بھی شامل ہیں کی خاطر صرف ایک غسل خانہ رکھا گیا اور وہاں پر بھی گرم پانی کا کوئی انتظام ہی نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ اسپتال انتظامیہ نے 22مریضوں کی خاطر صرف 3ماسک فراہم کئے جبکہ 22مریضوں کیلئے پچاس گرام کے دو سینٹی ٹائزر بھی دئے گئے۔ انہوںنے کہاکہ جس طرح سے رعناواری اسپتال میں قائم قرنطینہ سینٹر کا حال ہے اُس سے عیاں ہے کہ وہاں پر اگر کسی مریض کو کورنا وائرس ہے تو سبھی مریض اس کی لپیٹ میں آسکتے ہیں۔ انہوںنے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ اب جبکہ اُن کا ٹیسٹ منفی آچکا ہے لہذا اُنہیں اب گھر میں ہی کورنٹائن کیا جائے ۔

Comments are closed.