وزیر اعظم کا ریاستی حکومتوں کو حکم، سختی سے لاک ڈاؤن پر عمل کروائیں

بہت سے لوگ کوروناوائرس کو ابھی بھی سنجیدگی سے نہیںلے رہے ہیں/ نریندرمودی

سرینگر/23مارچ: عالمی وبائی وائرس کو انسانیت کاسخت دشمن قراردیتے ہوئے وزیر اعظم ہند نریندرمودی نے کہا ہے کہ کچھ لوگ ابھی بھی اس مہلک وائرس کو غیر سنجیدگی سے لے رہیں جبکہ یہ ایک خطرناک معاملہ ہے ۔ وزیر اعظم نے ریاستی سربراہوں سے کہا ہے کہ اپنے اپنے شہروں میں لاک ڈاون پر سخت سے عمل کروائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس مہلک وائرس کی زد میں آنے سے بچ جائیں ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے لاک ڈاؤن کو سنجیدگی سے نہ لینے پر تشویش کا اظہار کیا اور تمام ریاستی حکومتوں سے اصولوں اور قوانین کو یقینی بنانے کی اپیل کی۔ مودی نے ٹویٹ کیا ، "بہت سے لوگ ابھی بھی لاک ڈاؤن کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے ہیں۔ براہ کرم اپنے آپ کو بچائیں ، اپنے کنبہ کو بچائیں، ہدایات پر سنجیدگی سے عمل کریں۔ میں ریاستی حکومتوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اصولوں اور قوانین پر عمل کریں۔‘‘واضح رہے کہ کورونا وائرس کے انفیکشن کے خطرے کے پیش نظر مختلف ریاستوں کے 75 اضلاع اور شہروں کو لاک ڈاؤن کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ کورونا وائرس (کووڈ۔19) کے پھیلنے سے بچنے کے لئے ملک کی مختلف ریاستوں میں 31 مارچ تک لاک ڈاؤن ہوگا۔ لاک ڈاؤن کے دوران ضروری خدمات کے علاوہ دیگر سرگرمیاں مکمل طور پر بند رہیں گی۔ مودی نے مہلک کورونا وائرس کے خلاف لڑنے والے لوگوں کا شکریہ ادا کرنے والوں کی تعریف کی اور ان سے کہا کہ وہ اس چیلنج کے خلاف لڑنے کے لئے متحرک ہو جائیں۔ انہوں نے بڑے پیمانے پر جنتا کرفیو اور شنخناد میں شامل ہونے اور اس کی حمایت کرنے پر لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ٹویٹ کیا ، "ملک نے ہر اس فرد کا شکریہ ادا کیا جس نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ کی قیادت کی۔ ملک کے عوام کا بہت شکریہ۔‘‘ انہوں نے کہا ، "یہ شکریہ کی آواز ہے ، بلکہ طویل جنگ میں فتح کا آغاز بھی ہے۔ آؤ ، اس عزم کے ساتھ ، اس تحمل کے ساتھ ، اپنے آپ کو ایک طویل لڑائی کے لئے سماجی دوری کے بندھن میں باندھ لیں۔سی این آئی کے مطابق ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کہا ،یہ ایک لمبی لڑائی کا آغاز ہے۔عوام نے بتایا ہے کہ ہم قابل ہیں ، اگر ہم فیصلہ کریں تو ہم مل کر سب سے بڑے چیلنج کو مات دے سکتے ہیں۔‘‘ انہوں نے لوگوں سے مرکزی حکومت اور ریاستی حکومتوں کے ذریعہ جاری کردہ ہدایات پر عمل کرنے کو کہا۔ ان اضلاع اور ریاستوں میں جہاں لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے ، وہاں گھروں سے بالکل باہر نہ نکلیں۔ اس کے علاوہ باقی میں بھی جب تک بہت ضروری نہ ہو، باہر نہ نکلیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ کورونا وائرس سے ملک میں اب تک سات افراد کی موت ہوچکی ہے جبکہ 390 افراد اس میں مبتلا ہیں۔

Comments are closed.