نمستے ٹرمپ سے امریکی صدر کا 2روزہ دورہ بھارت شروع، پہلے خطاب میں پاکستان کا ذکر

اسلامک شدت پسندی پرقاپوپانے کیلئے ا مریکہ ہندوستان کے ساتھ ہے:ٹرمپ

سرینگر؍24، فروری؍کے این ایس ؍ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ بھارت کا آغاز’ نمستے ٹرمپ‘ تقریب میں شرکت سے ہو گیا ہے۔اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامک شدت پسندی پرقاپوپانے کے لیے امریکہ ہندوستان کے ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکا کے پاکستان کے ساتھ’بہت اچھے تعلقات‘ہیں اور امید ہے کہ خطے میں کشیدگی کم ہوگیجبکہ امریکی حکومت پاکستان کیساتھ شدت پسندی کے گروپ ختم کرنے کیلئے کام کررہی ہے ۔کشمیر نیوز سروس(کے این ایس ) مانیٹر نگ ڈیسک کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے ہمراہ پیر کو دو روزہ سرکاری دورے پر بھارت پہنچے ۔ بھارت آنے والوں میں ان کے صاحبزادی ایوانکا ٹرمپ اور داماد جیرڈ کشنر بھی شامل ہیں۔کسی بھی امریکی صدر کا یہ آٹھواں اور صدر ٹرمپ کا بھارت کا پہلا دورہ ہے۔ صدر ٹرمپ نے ایسے وقت بھارت کا دورہ کیا ہے جب رواں برس تین نومبر کو امریکہ کے صدارتی انتخابات ہونا ہیں۔پیر کو صدر ٹرمپ احمد آباد پہنچے تو وزیر اعظم ہندنریندر مودی نے’جپھی‘ دے کر مہمان صدر کا استقبال کیا۔ اْس موقع پر انہوں نے صدر ٹرمپ کو حکام کا تعارف بھی کرایا۔گزشتہ برس ٹیکساس میں صدر ٹرمپ نے ’ہائوڈی مودی‘ تقریب میں شرکت کی تھی اور اسی طرز کی ایک تقریب سردار ولبھ بھائی کرکٹ اسٹیڈیم میں سجائی گئی جسے’نمستے ٹرمپ‘ کا نام دیا گیا تھا۔تقریب سے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اور بعدازاں صدر ٹرمپ نے خطاب کیا اور مہمان وزیر اعظم کا پرتکلف استقبال پر شکریہ ادا کیا۔صدر ٹرمپ کی آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ مہمان صدر بھارت کے تین شہروں کا دورہ کریں گے اور وہ نئی دہلی کے موریا ہوٹل میں قیام کریں گے۔صدر ٹرمپ کی سیکیورٹی کے لیے اہلکاروں کے تین حصار بنائے گئے ہیں جب کہ بلند و بالا عمارتوں پر اسنائپر بھی تعینات ہیں۔ نئی دہلی کے تاج پیلس ہوٹل میں بھی اضافی دستے تعینات کیے گئے ہیں۔صدر ٹرمپ کے دورہ بھارت کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان کسی بڑے تجارتی معاہدے کا تو امکان نہیں البتہ وہ مختلف تقاریب میں شرکت کریں گے۔حال ہی میں امریکہ نے بھارت کے لیے ڈیوٹی فری پروگرام منسوخ کیا تھا جس کے جواب میں بھارت نے امریکہ کی 28 مصنوعات پر ٹیکس عائد کر دیا تھا۔بھارت پہنچنے سے قبل صدر ٹرمپ نے ہندی زبان میں ایک ٹوئٹ کیا تھا کہ وہ بہت جلد بھارت پہنچ رہے ہیں، ہم سب سے پہلے اور سب سے بہتر ہیں۔ وزیر اعظم ہند نریندر مودی نے بھی چند گھنٹے قبل اپنے ایک ٹوئٹ میں صدر ٹرمپ کے دورے کو ’اعزاز‘قرار دیا تھا۔انہوں نے کہا تھا کہ بھارت امریکی صدر کے استقبال کیلئے تیار ہے۔ یہ اعزاز کی بات ہے کہ وہ ہمارے ساتھ ہوں گے جس کا آغاز احمد آباد کے تاریخی پروگرام سے ہو گا۔ دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک لاکھ سے زیادہ لوگوں کی موجودگی میں ہونے والے نمستے ٹرمپ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ ہندوستان کے لوگوں کا سچا دوست ہے۔ان کا کہناتھاکہ امریکیوں کے دل میں ہندوستانیوں کے لیے ایک منفرد جگہ ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ پی ایم مودی، احمد آباد میں چائے فروخت کیا کرتے تھے تاہم اب انہوں نے انتخابات میں غیرمعمولی طورپر کامیابی حاصل کی ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ وزیراعظم نریندرمودی نے محنت اورلگن کے ذریعہ کامیابی حاصل کرتے ہوئے ہندوستانیوں کو اعزاز بخشاہے۔ٹرمپ نے کہا کہ ہندوستان ترقی پذیرممالک میں سب سے بڑا ملک ہے اوریہ ملک مثالی ترقی کررہاہے۔ امریکی صدر نے کہا کہ ہندوستان ہمیشہ سے امریکہ کا قابل اعتماد دوست رہاہے،آپ کا ملک روادار ملک ہے۔ صدرٹرمپ نے کہا کہ ہندوستان کو ہرسال 2000سے زائد فلمیں ریلیز کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بالی ووڈ کے فلمیں دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ڈی ایل جے جیسی فلموں کو سب پسند کرتے ہیں ۔ امریکی صدر نے کرکٹ کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ سچن ٹنڈولکر سے لیکر وارٹ کوہلی تک سب سے ایک مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامک شدت پسندی پرقاپوپانے کے لیے امریکہ ہندوستان کے ساتھ ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ عراق اورشام میں امریکہ نے آئی ایس کا صفایا کردیاہے اور امریکہ، اپنے شہریوں کو حفاظت یقینی بنانے کے لیے کسی بھی دشمن سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ امریکی صدر نے اپنے خطاب کے دوران پاکستان کا بھی ذکر کیا ۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ’امریکا اور بھارت دہشت گردوں کو روکنے اور ان کے نظریے سے لڑنے کے لیے پرعزم ہیں، اسی وجہ سے جب سے دفتر سنبھالا ہے میری انتظامیہ پاکستانی سرحد سے آپریٹ ہونے والی دہشت گرد تنظیموں اور عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کے لیے پاکستان کے ساتھ بہت مثبت انداز میں کام کر رہی ہے‘۔اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ’ہمارے پاکستان کے ساتھ تعلقات بہت اچھے ہیں، جس کا سرا ان کوششوں کو جاتا ہے، ہم پاکستان کے ساتھ بڑی پیش رفت کے آثار دیکھنا شروع ہوگئے ہیں اور ہم کشیدگی میں کمی، وسیع استحکام اور جنوبی ایشیا کی تمام اقوام کے لیے بہتر مستقبل کے لیے پرامید ہیں‘۔احمد آباد میں ڈونلڈ ٹرمپ کی آمد پر ان کے سیاسی کیریئر کی سب سے بڑی ریلی کے لیے دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک لاکھ سے زائد افراد موجود تھے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی تقریر کے آغاز میں کہا کہ وہ 8 ہزار میل سفر کرکے یہ پیغام دینے آئے ہیں کہ’امریکا بھارت سے پیار کرتا ہے، امریکا بھارت کی عزت کرتا ہے اور امریکا ہمیشہ بھارتی عوام کا مخلص اور وفادار دوست رہے گا‘، ساتھ ہی ڈونلڈ ٹرمپ نے نریندر مودی کو ’بہت کامیاب رہنما‘ قرار دیا۔اپنے خطاب میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا، بھارت کو ڈرون سے لے کر ہیلی کاپٹر اور میزائل سسٹم تک دفاعی ساز و سامان فراہم کرنے کو تیار ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان خلائی تعاون کو بڑھانے کے منتظر ہیں، ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ دونوں فریقین کے درمیان ’ناقابل یقین‘تجارتی معاہدہ حتمی مراحل میں ہے۔ریلی سے خطاب میں انہوں نے انتہا پسندوں پر حملے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ’میری انتظامیہ میں ہم نے داعش کے قاتلوں پر امریکی فوج کو مکمل اختیار دیا اور آج داعش کی علاقائی خلافت100 فیصد تباہ ہوچکی‘، انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ’البغدادی مرچکا ہے‘۔تاہم امریکی صدرنے اپنے خطاب میں بھارت میں شہریت ترمیمی قانون پر ہونے والے احتجاج پر کوئی بات نہیں کی۔

Comments are closed.