چیک نالہ گریز میں بھاری برکم برفانی تودا گر آیا۔ تین افراد زندہ دفن ہو گئے

فوج ، پولیس کی بچاو ٹیمیں جائے موقع کی اور روانہ ، لاپتہ افراد کی تلاش جاری

سرینگر15 فروری//یو پی آئی // چیک نالہ گریز میں بھاری برکم برفانی تودے کے نیچے تین افراد زندہ دفن ہو گئے جنہیں باہر نکالنے کی خاطر امدادی ٹیمیں جائے موقع کی اور روانہ کی گئی ہیں۔حکام نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تین افراد کے زندہ ہونے کے امکانات معدوم نظر آرہے ہیں۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق گریز بانڈی پورہ میں چیک نالہ کے نزدیک سنیچر کے روز برفانی تودا گر آیا جس کے نتیجے میں تین افراد زندہ دفن ہو گئے۔ نمائندے کے مطابق آس پاس علاقوں میں خبر پھیلتے ہی لوگ جائے موقع کی اور دوڑ پڑے اور بھاری برکم برفانی تودے میں پھنسے ہوئے افراد کو باہر نکالنے کی خاطر کارروائی شروع کی تاہم ابھی تک ان تین افراد کا کئی پر اتہ پتہ نہیں چل سکا۔ نمائندے نے بتایا کہ فوج ، پولیس کی امدادی ٹیمیں بھی جائے موقع کی اور روانہ ہو گئی ہے تاکہ برف میں پھنسے ہوئے ان تین افراد کو زندہ باہر نکالا جاسکے۔ ذرائع کے مطابق فوج نے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے امدادی ٹیم کو اُس جگہ تک پہنچایا جہاں پر برفانی تودا گر آیا تاہم خراب موسم کے باعث امدادی ٹیموں کو برف میں پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے میں دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ یو پی آئی نے اس ضمن میں جب ایک سینئر عہدیدار کے ساتھ رابط قائم کیا تو انہوںنے اس بات کی تصدیق کی کہ گریز بانڈی پورہ میں ایک بھاری برکم برفانی تودا گر آیا ہے اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق تین افراد لاپتہ ہو گئے ہیں جنہیں باز یاب کرانے کی خاطر فوج ، پولیس اور ضلع انتظامیہ نے کارروائی شروع کی ہے۔ مذکورہ عہدیدار کا کہنا تھا کہ آس پاس علاقوں میں پتہ لگایا جارہا ہے کہ برفانی تودا گرنے کے بعد کتنے افراد لاپتہ ہو گئے ہیں۔ بانڈی پورہ پولیس کے مطابق امدادی ٹیمیں جائے موقع پر پہنچ گئی ہیں تاہم اُن کے ساتھ رابط نہیں ہو پا رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ برفانی تودے کے نیچے کوئی آیا ہے یا نہیں اس بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ پولیس ٹیم کے ساتھ رابط قائم ہونے کے بعد ہی اس بارے میں مزید تفصیلات فراہم کی جاسکتی ہیں۔

Comments are closed.