جموں کے تالاب تلو علاقے میں آتشزدگی کی بھیانک واردات کے دوران عمارت ڈہہ گئی
فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کے 3اہلکار ہلاک ، دو کانسٹیبلوں سمیت آٹھ افراد مضروب /ایس ایس پی جموں
سرینگر12 فروری: جموں کے تالا ب تلو علاقے میںبھیانک آتشزدگی کے بعد عمارت منہدم ہو گئی جس وجہ سے فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ سے وابستہ تین اہلکار وں کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی جبکہ دو کانسٹیبلوں سمیت آٹھ کو نازک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ ایس ایس پی جموں نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آگ لگنے کے فوری بعد عمارت ڈہہ گئی جس وجہ سے تین فائر مین ملبے کے نیچے دب گئے جس وجہ سے اُن کی موت واقع ہوئی۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق جموں کے تالاب تلو علاقے میں بدھ اعلیٰ الصبح اُس وقت سراسیمگی پھیل گئی جب ایک عمارت سے آگ نمودار ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری بلڈنگ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ نمائندے کے مطابق فائر اینڈ ایمرجنسی سروس کے اہلکار فوری طورپر جائے موقع پر پہنچے اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی تاہم عمارت دیکھتے ہی دیکھتے زمین بوس ہو گئی اور اس میں موجود ایک درجن کے قریب افراد پھنس کر رہ گئے۔ نمائندے کے مطابق فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکاروں نے اپنی جانوں کو جوکھم میں ڈال کر عمارت کے ملبے کے نیچے دبے ہوئے افراد کو باہر نکال کر اسپتال پہنچایا تاہم فائر اینڈ ایمرجنسی کے تین اہلکار ملبے کے نیچے دب گئے اور بعد میں تینوں کی لاشیں باہر نکال کر اُنہیں قانونی لوازمات پورے کرنے کے بعد وارثین کے حوالے کیا گیا۔ ایس ایس پی جموں نارتھ پی ڈی نتیا نے بتایا کہ عمارت منہدم ہونے کے بعد فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ میں تعینات اہلکار ومل کمار ولد منوہر کرشن رینہ ساکنہ جانی پورہ کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی ۔ انہوںنے کہاکہ آگ کی اس واردات کے دوران ہیڈ کانسٹیبل پورن سنگھ ولد گین سنگھ ، ہیڈ کانسٹیبل ست پال ولد کرشن لال ، لوکیش ولد کرشن لال امیت ولد رمیش ، گورپیت سنگھ ولد دوندر سنگھ اور راہل ولد روی کانت زخمی ہوئے ہیں۔ فائر اینڈ ایمرجنسی کے ڈائریکٹر وی کے سنگھ نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ تالا ب تلو جموں میں عمارت ڈہہ جانے سے فائر اینڈ ایمرجنسی کے تین اہلکار جن کی شناخت ومل کمار رینہ ، رتن چند اور محمد اسلم کے بطور ہوئی ہے کی موت واقع ہوئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ آگ بجھانے کی کارروائی کے تین فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کے تین اہلکار اندر گئے جس دوران عمارت ڈہہ گئی اور تین ملبے کے نیچے زندہ دفن ہو ئے اور بعد میں تینوں کی موت واقع ہوئی ۔ ڈائریکٹر جنرل فائر اینڈ ایمرجنسی کا مزید کہنا تھا کہ آگ لگنے کے دوران کئی گیس سلنڈر زور دار دھماکوں کے ساتھ پھٹ گئے جس وجہ سے عمارت زمین بوس ہو گئی ۔ ڈویژنل کمشنر جموں سنجیو ورما کے مطابق فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کے اہلکاروں نے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر سبھی پھنسے ہوئے شہریوں کو باہر نکالا تاہم بدقسمتی سے عمارت ڈہہ جانے سے تین اہلکاروں کی موت واقع ہوئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ اس سارے معاملے کی تحقیقات کرنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔
Comments are closed.