سرینگر12 فروری//یو پی آئی // فوج نے مینڈھر سیکٹر میں دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ کئی گھنٹوں تک دوبدو گولیوں کا تبادلہ ہوا جس دوران تین ملی ٹینٹ جاں بحق ہوئے ہیں۔ دفاعی ذرائع کے مطابق راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں بھی پاکستانی رینجرس نے بغیر کسی اشتعال کے گولہ باری کی جس کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق پاکستانی گولہ باری کا سختی کے ساتھ جواب دیتے ہوئے فوج نے مینڈھر سیکٹر میں تین دراندازوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ دفاعی ذرائع کے مطابق 9اور 10فروری کی درمیانی رات کو پاکستانی رینجرس نے گولہ باری کے دوران ہی عسکریت پسندوں کے ایک گروپ کو اس طرف بھیجا تاہم متحرک اہلکاروں نے ملی ٹینٹوں کے منصوبے کو ناکام بناتے ہوئے اُن للکارا جس دوران شدید گولیوں کا تبادلہ ہوا۔ دفاعی ذرائع کے مطابق تینوں عسکریت پسندوں کی لاشیں حد متارکہ کے نزدیک پڑی ہوئی ہیں اور ابھی تک پاکستانی رینجرس نے ان لاشوں کو نہیں اُٹھایا ہے۔ دفاعی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ باور کیا جا رہا ہے کہ تینوں جیش کے ساتھ وابستہ تھے۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ سراغ رساں ایجنسیوں سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پاکستانی رینجرس نے عسکریت پسندوں کو لانچنگ پیڈوں پر تیاری کی حالت میں رکھا ہے تاکہ موقع ملتے ہی اُنہیں اس طرف بھیجا سکے۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی رینجرس کی جانب سے گولہ باری کرنے کا واحد مقصد عسکریت پسندوں کو بھارتی حدود میں جانے کیلئے محفوظ راہداری فراہم کرنا ہوتا ہے تاہم فوج بھی سرحدوں پر پاکستان کے عزائم کو ناکام بنانے کی خاطر پوری طرح سے تیار ہیں۔ ادھر دفاعی ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی رینجرس نے راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں بھی گولہ باری کی تاہم بھارتی فوج نے پاکستان کی گولہ باری کا منہ توڑ جواب دیا۔ دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ تازہ گولہ باری کے نتیجے میں ایک فوجی زخمی ہوا جسے علاجو معالجہ کی خاطر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا۔ دریں اثنا فوج نے بالا کوٹ اور مینڈھر میں چار شیلوں کو ناکارہ بنایا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ روز پاک بھارت افواج کے درمیان شدید گولہ باری کے نتیجے میں کئی شیل پھٹنے سے رہ گئے جس کے بعد مقامی لوگوں نے فوج کو اس بارے میں جانکاری فراہم کی۔ فوج کے خصوصی اسکارڈ نے شیلوں کو اکھٹا کرکے اُنہیں ناکارہ بنایا۔علاوہ ازیں پاک بھارت افواج کے درمیان حد متارکہ پر کشیدگی کے بیچ مرکزی حکومت نے لائن آف کنٹرول پر تعینات افواج کو جدید اسلحہ سے لیس کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی سربراہی میں پچھلے کئی روز سے اس بارے میں میٹنگیں ہوئیں جس دوران غیر ملکی کمپنیوں سے جدید اسلحہ اور سازو سامان خریدنے کو ہری جھنڈی دکھائی گئی ۔
Sign in
Sign in
Recover your password.
A password will be e-mailed to you.
Comments are closed.