سرینگر 11،فروری :کے این ایس / محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق منگلوار کو بعد دوپہر ٹنگمرگ اور گلمرگ سمیت وادی کے بعض بالائی علاقوں میں تازہ برف وباراں کا سلسلہ شروع ہوا ،جس دوران سرد ہواﺅں کے نتیجے میں سردی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ۔محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایا کہ اگلے چند روز کے دوران وادی کشمیر میں مجموعی طور موسم ’تر‘ رہنے کا امکان ہے ۔کشمیر نیوز سروس (کے این ایس ) کے مطابق وادی کشمیر میں منگلوار کو بعض بالائی علاقوں میں برفباری کا تازہ سلسلہ شروع ہوا ۔اس ضمن میں ملنے والی اطلاعات کے مطابق منگلوار کو بعد دوپہر کئی بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ شروع ہوا ،جو وقفے وقفے سے شام دیر گئے تک جاری رہا ۔سرینگر میں منگلوار کو دن بھر مطلع ابر آلود رہا جبکہ سرد ہواﺅںکے نتیجے میں سردی کی شدت میں غیر معمولی اضلافہ ہوا ۔ٹنگمرگ کے نامہ نگار نے اطلاع دی کہ ٹنگمرگ اور گلمرگ میں منگلوار کی سہ پہر کو برفباری کا تازہ سلسلہ شروع ہوا اور شام پانچ بجے تک یہاں 2اینچ برفباری ریکارڈ کی گئی ۔ادھر ٹنگڈار سے لیکر ہندوارہ تک بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا ۔نامہ نگاروں نے بتایا کہ موسم میں آئی تبدیلی کیساتھ ہی سرحدی ضلع کپوارہ کے میدانی اور بالائی علاقوں میں بارشوں کا تازہ سلسلہ شروع ہوا ،جو شام دیر تک جاری رہا ۔ادھر بڈگام اور گاندر بل کے بعض علاقوں میں بارشوں کیساتھ ساتھ ہلکی برفباری کا سلسلہ شروع ہوا ،جو منگلوار شام دیر گئے تک جاری تھا ۔ادھر جنوبی کشمیر کے بعض بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں بارش ہونے کی اطلاعات ہیں ۔محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایا کہ10فروری رات دیر گئے مغربی ہواﺅں کا ایک تازہ مرحلہ جموں وکشمیر کے حدود میں داخل ہوا ،جسکی وجہ سے موسم میں تبدیلی دیکھنے کو ملی ۔انہوں نے کہا کہ آئندہ چند روز تک برف وباراں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ترجمان نے بتایا کہ 12اور13فروری کو برف وباراں کی شدت میں اضافہ ہونے کا امکان ہے اور دونوں ایام کے دوران وادی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں بارش کیساتھ ساتھ درمیانہ درجے کی برفباری کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ12فروری کو سرینگر میں ہلکی سے لیکر درمیانہ درجے کی برفباری کا امکان ہے جبکہ جموں میں مطلع مجموعی طور ابر آلود رہے گا اور خطہ لداخ میں ہلکی برفباری ہونے کا امکان ہے ۔ان کا کہناتھا کہ موسم میں آئی تبدیلی کے باعث رات کے درجہ حرارت میں تبدیلی درج کی گئی ۔ان کا کہناتھا کہ سرینگر میں منگلوار کی رات کم از کم درجہ حرارت منفی0.2ڈگری سیلسیس درج کیا گیا جبکہ لہیہ میں یہ درجہ حرارت منفی12.2ڈگری سیلسیس درج کیا گیا ۔ یاد رہے کہ اس وقت کشمیر میں سردیوں کے دوسرے مرحلے کے شدید ترین20روزہ مدت جاری ہے ،جسے عرف عام میں ’چلہ خرد ‘ کہا جاتا ہے ۔یہ مدت20فروری کو اختتام پذیر ہوگی ،تاہم اسکے بعد چلہ بچہ کی10روزہ مدت بھی ہے ،جس دوران بھی وادی کشمیر میں برف وباراں کا قوی امکان رہتا ہے ۔
Sign in
Sign in
Recover your password.
A password will be e-mailed to you.
Comments are closed.