ٹنگمرگ کے چھاندل وانی گام اور بونہ گام میں 5ریچھوں کو پکڑا گیا

خوف ودہشت پھیلانے والے ان ریچھوں کو وائلڈ لائف سنچری منتقل کیا گیا /وائلڈ لائف وارڈن

سرینگر10 فروری: ٹنگمرگ کے چھاندل وانی گام اور بونہ گام کنزر میں خوف ودہشت پھیلانے والے پانچ ریچھوں کووائلڈ لائف محکمہ نے پکڑ لیا۔ معلوم ہوا ہے کہ ریچھوں کو قابو کرنے کے دوران 2اہلکار مضروب ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا۔ شمالی کشمیر کے وارڈن نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ریچھ ، ریچھنی اور اُس کے چار بچوں کو پکڑ کر وائلڈ لائف سنچری منتقل کیاگیا۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق پچھلے ایک سال سے ٹنگمرگ اور اُس کے ملحقہ علاقوں میں خوف ودہشت پھیلانے والے ریچھ ، ریچھنی اور اُس کے چار بچوں کو وائلڈ لائف اہلکاروں نے پکڑنے میں کامیابی حاصل کی۔ نمائندے کے مطابق مقامی لوگوں کی جانب سے جانکاری دینے کے بعد وائلڈ لائف محکمہ اور پولیس نے چھاندل وانی گام ٹنگمرگ میں ایک ریچھ جبکہ بونہ گام کنزر میں ریچھنی اور اُس کے چار بچوں کو زندہ پکڑا۔ نمائندے نے بتایا کہ ریچھوں کو قابو کرنے کے دوران وائلڈ لائف محکمہ کے دو اہلکار جن کی شناخت عاشق احمد اور ریاض احمد کے بطور ہوئی ہے زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا۔ نمائندے نے بتایا کہ ان پانچ ریچھوں نے ٹنگمرگ میں خوف ودہشت کا ماحول قائم کیا اور اب تک انہوںنے ڈیڑھ درجن کے قریب افراد کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا تھا۔ شمالی کشمیر کے وارڈن محمد مقبول بابا نے اس ضمن میں بتایا کہ ٹنگمرگ کے دو گاﺅں میں وائلڈ لائف محکمہ ، پولیس اور مقامی لوگوں نے مشترکہ طورپر آپریشن چلایا جس دوران ریچھنی اُس کے چار بچے اور ایک ریچھ پر قابو پایا گیا۔ انہوںنے کہاکہ پچھلے کئی ہفتوں سے ان ریچھوں نے ٹنگمرگ میں خوف ودہشت کا ماحول قائم کیا تھا۔ مقامی لوگوں نے محکمہ وائلڈ لائف کی اس کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

Comments are closed.