فوج نے پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں 3لانچنگ پیڈوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا

پاکستانی رینجرس گولہ باری کی آڑ میں ملی ٹینٹوں کوا س طرف دھکیل رہے ہیں /دفاعی ذرائع

سرینگر10 فروری//یو پی آئی // پونچھ سیکٹر میں پچھلے دو روز سے شدید گولہ باری کے بیچ فوج نے پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں حد متارکہ کے نزدیک قائم تین لانچنگ پیڈوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا۔ دفاعی ذرائع کے مطابق پاکستانی رینجرس گولہ باری کی آڑ میں ملی ٹینٹوں کو اس طرف دھکیلنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں تاہم فوج نے پاکستان کے ان منصوبوں کو ناکام بنایا ہے۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق پونچھ سیکٹر میں پاک بھارت افواج کے درمیان شدید گولہ باری کے نتیجے میں کئی رہائشی مکانات تباہ ہو گئے ہیں ۔ معلوم ہوا ہے کہ9اور 10فروری کی درمیانی رات تک پا ک بھارت افواج کے درمیان مینڈھر ، بالا کوٹ میں شدید گولہ باری ہوئی جس دوران پاکستانی رینجرس نے جنگوں کے دوران استعمال ہونے والی آرٹیلری کا بھی استعمال کیا۔ دفاعی ذرائع کے مطابق پاکستانی رینجرس کی گولہ باری کا سختی کے ساتھ جواب دیا گیا اور اُس پار کشمیر میں تین لانچنگ پیڈتباہ ہو گئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پچھلے کئی دنوں سے ان لانچنگ پیڈو ں پر عسکریت پسندوں کو اس طرف دھکیلنے کی خاطر تیاری کی حالت میں رکھا گیا تاہم بھارتی فوج نے پاکستان کے منصوبوں کو پہلے ہی بھانپا تھا ۔ دفاعی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کی گولہ باری کا بھارتی افواج منہ توڑ جواب دے رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ رینجرس اب رہائشی علاقوں کو بھی نشانہ بنارہے ہیں جس وجہ سے لوگ گھروں میں سہم کر رہ گئے ہیں۔ دفاعی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاکستانی رینجرس کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر سرحدوں پر فوج کو چوکس رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ گولہ باری کا مقصد عسکریت پسندوں کو محفوظ راہداری فراہم کرنا ہے تاہم فوج کو اس بات کی پوری علمیت ہے کہ پاکستان حد متارکہ پر گولہ باری کرکے جنگجوﺅں کو اس طرف دھکیل رہا ہے۔دفاعی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاکستانی رینجرس کے منصوبوں کو ماضی میں بھی ناکام بنایا گیا اور مستقبل میں بھی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔

Comments are closed.