کسی دوسرے ملک کو ہمارے اندرونی معاملات میں تبصرہ کرنے کا حق نہیں: نائیڈو

نئی دہلی، 05 فروری (یواین آئی) راجیہ سبھا میں بدھ کو شیو سینا کے انل ڈیسائی نے یوروپی یونین کی جانب سے شہریت (ترمیمی) قانون کے خلاف قرارداد لانے کی سخت مذمت کی اور اس کے خلاف متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کرنے کا مطالبہ کیا۔
مسٹر ڈیسائی نے کہا کہ کسی بھی ملک کو ہمارے داخلی معاملات میں تبصرہ کرنے کا حق نہیں ہے اور یوروپی یونین کے قرارداد کے پیش نظر ایوان میں متفقہ طور پر مذمتی قرارداد منظور کیا جانا چاہئے۔
مسٹر ڈیسائی نے کہا کہ یوروپی یونین، امریکہ، پاکستان یا کوئی اور ملک ہو، اسے ہندوستان کی پارلیمنٹ میں منظور شدہ کسی قانون پر کوئی تبصرہ کرنے کا حق نہیں ہے۔ ملک کی سیاسی پارٹیوں کے آپس میں اختلافات ہو سکتے ہیں، وہ حکومت کے فیصلوں سے اتفاق اور اختلاف کر سکتے ہیں۔ اختلاف کی صورت میں عدالت کے دروازے کھلے ہیں اور حکومت عدالتوں کے فیصلہ ماننے کی پابند بھی ہے لیکن کسی دوسرے ملک کو ہمارے اندرونی معاملات میں تبصرہ کرنے کا حق نہیں ہے۔
ایوان کے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے اس پر کہا کہ وہ ایوان کے چیئرمین اور ملک کے نائب صدر کے ناطے کہنا چاہتے ہیں کہ ہندوستانی پارلیمنٹ کو قانون بنانے کا حق ہے۔ ان کا واضح پیغام ہے کہ کوئی ملک چاہے وہ چھوٹا ہو یا بڑا، ہمارے ملک کے داخلی معاملات میں کوئی تبصرہ نہ کرے۔ ان کو صاف طور پر یہ سمجھ لینا چاہئے۔

Comments are closed.