سبھی پارٹیوں نے ڈاکٹر فاروق عبدا ﷲکی نظر بندی ختم کرنے اور اُن کی بجٹ سیشن میں موجودگی پر زور دیا /غلام نبی آزاد
حکومت سبھی مسائل پر بات چیت کیلئے تیار ہیں ، آپسی گفت وشنید کے ذریعے ہی مسائل حل ہوسکتے ہیں /وزیر اعظم نریندر مودی
سرینگر30جنوری//یو پی آئی // راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم ہند کی سربراہی میں بلائی گئی آل پارٹی میٹنگ میں سبھی اپوزیشن لیڈروں نے نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ کی نظر بندی کو ختم کرنے اور اُنہیں بجٹ سیشن میں شامل ہونے کی اجازت دینے پر زور دیا گیا۔ اس بیچ پارلیمانی امور کے مرکزی وزیر نے کہاکہ وزیر اعظم ہند نے اپوزیشن پارٹیوں کو یقین دلایا کہ سبھی مسائل پر حکومت بات چیت کیلئے تیار ہیں۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق بجٹ سیشن سے قبل نئی دہلی میں وزیر اعظم ہند ندریندر مودی کی سربراہی میں اعلیٰ پارٹیز میٹنگ منعقد ہوئی جس میں سبھی اپوزیشن پارٹیوں کے ارکان نے شرکت کی۔ میٹنگ دو گھنٹے تک جاری رہی جس دوران اپوزیشن پارٹیوں نے کئی اہم مسائل اُبھارے۔ میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر غلام نبی آزاد نے کہاکہ میٹنگ خوشگوارماحول میں ہوئی ۔ انہوںنے کہا کہ سبھی اپوزیشن لیڈروں نے وزیر اعظم ہند پر زور دیا کہ پارلیمنٹ ممبر ڈاکٹر فاروق عبدا ﷲکی نظر بندی کو ختم کیا جائے تاکہ وہ بجٹ سیشن میں شامل ہو سکے۔ غلام نبی آزاد کا مزید کہنا تھا کہ میٹنگ کے دوران سبھی پارٹیوں نے سیاست سے بالا تر ہو کر ڈاکٹر فاروق عبدا ﷲکی نظر بندی کا معاملہ اُٹھایا اور حکومت نے یقین دلایا کہ اس پر غور کیا جائے گا۔راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر نے کہاکہ موجودہ سیشن کے دوران شہریت ترمیمی قانون اور جموںوکشمیر کی صورتحال پر مرکز سے جواب طلب کیا جائے گا۔ شہریت ترمیمی قانون پر ملک بھر میں احتجاجی مظاہرئے ہونے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں غلام نبی آزاد نے کہاکہ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ وہ شہری ترمیمی بل کے حوالے سے تمام فریقین کے ساتھ بات چیت کرئے۔ انہوںنے کہا کہ شاہین باغ اور دوسری ریاست میں پچھلے ڈیڑھ ماہ سے خواتین دھرنے پر بیٹھی ہوئی ہیں تاہم آج تک مرکزی حکومت نے مظاہرین کے ساتھ بات چیت نہیں کی جس کا یہ مطلب ہے کہ حکومت اس قانون کے خلاف آواز اُٹھانے والوں کے تئیں توجہ نہیں دے رہی ہیں۔ دریں اثنا میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے پارلیمانی امور کے مرکزی وزیر پرلاد جوشی نے کہاکہ وزیر اعظم ہند نے اپوزیشن ارکان کو یقین دلایا ہے کہ مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی خاطر حکومت کوشاں ہے۔ انہوںنے کہاکہ مسائل کو بات چیت کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے لہذا مرکزی حکومت سبھی مسائل پر بات چیت کیلئے تیار ہیں۔ انہوںنے کہاکہ میٹنگ کے دوران وزیر اعظم نے ملک کی معیشت صورتحال پر بات کی اور کہاں کہ حکومت معیشت کو برقرار رکھنے کی خاطر کام کر رہی ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعظم ہند نریندر مودی نے میٹنگ کے دوران اپوزیشن لیڈروں پر زور دیا کہ وہ سیشن کے دوران عوامی اہمیت کے مسائل اُجاگر کریں۔ انہوںنے کہاکہ حکومت سبھی مسائل پر پارلیمنٹ میں بحث کرانے کیلئے تیار ہیں۔ وزیر اعظم نے بتایا کہ مذاکرات کے ذریعے ہی سبھی مسائل حل ہوسکتے ہیں اور اپوزیشن پارٹیوں کو بھی اس حوالے سے سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔
Comments are closed.