ہوائی کرائیوں کو اعتدال میں لایا جایا اور سرینگرسے شبانہ اور بین الاقوامی پروازیں شروع کی جائے

مرکزی شہری ہوا بازی وزارت کی ایک اہم میٹنگ میں ڈاکٹر فاروق عبد اللہ نے کیا مطالبہ

سرینگر/: سرینگر کیلئے آسمان چھوتے ہوائی کرائیوں پر زبردست تشویش اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مرکزی شہری ہوا بازی وزارت کی ایک میٹنگ میں تمام متعلقین پر زور دیا کہ وہ ہوائی کرائیوں کو اعتدال میں رکھنے کیلئے فوری طور پر اقدامات اٹھائے جائے۔ میٹنگ کی صدارت مرکزی شہری ہوا بازی کے وزیر شریش پربونے جبکہ اس موقعے پر سکریٹری وزارتِ شہری ہوا بازی، دیگر اعلیٰ حکام اور فضائی کمپنیوں کے نمائندوں بھی موجو دتھے۔سی این آئی کے مطابق ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے میٹنگ میں کہا کہ نئی دلی سے چنئی، کولکتہ یہاں تک کہ بنگلور کے کئی گھنٹوں کے سفر کا ہوائی کرایہ 6سے 8ہزار کے بیچ ہوتا ہے جبکہ سرینگر سے نئی دلی کے ایک گھنٹے کے سفر کا کرایہ اس سے دوگنا ہے اور کبھی کبھی 20ہزار سے بھی تجاوز کر جاتا ہے۔ کشمیریوں کیساتھ یہ امتیازی سلوک اور ناانصافی کیوں؟ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہاکہ 20ہزار میں تو نئی دلی سے دبئی جانے اور واپس آنے کا کرایہ ہے۔ رکن پارلیمان نے شہری ہوا بازی کے وزیر پر زور دیاکہ سرینگر کیلئے ہوائی کرائیوں کو اعتدال میں رکھنے کیلئے ٹھوس ، کارگر اور فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے اس موقعے پر سرینگر کے ہوائی اڑے سے شبانہ پروازیں شروع کرنے پر زور دیا اور ساتھ ہی مطالبہ کیا کہ سرینگر سے مکہ شریف، مدینہ شریف، دبئی اور دیگر ممالک کیلئے براہ راست پروازیں بھی شروع کی جائیں۔ صدرِ نیشنل کانفرنس نے مرکزی وزیر پر زور دیا کہ خطہ چناب، پیرپنچال، کرگل، گریز، ٹنگڈار، مژھل، کیرن اور دیگر ایسے علاقوں کیلئے مسلسل ہیلی کاپٹر سروس میسر رکھی جائے جو سرما کے ایام میں دنیا سے کٹے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سردیوں کے ایام میں کٹے رہنے سے ان علاقوں کے لوگ کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے وزیر موصوف پر زور دیا کہ سرینگر جموں شاہراہ کے مسلسل بند ہونے کے نتیجے میں وادی میں ادویات اور دیگر ضروری اشیاء کی قلت پیدا ہونے سے قبل ہی جہازوں کے ذریعے سپلائی یقینی بنائے ہوئے۔ وزیر موصوف نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو میٹنگ میں یقین دہانی کرائی کہ وہ ہوائی کرائیوں کو اعتدال میں لانے کیلئے بھر پور کوشش کریں گے اور دیگر معاملات کو بھی سلجھائیں گے

Comments are closed.