پاکستان امریکا کیلئے ہمیشہ خاص اہمیت کا حامل ملک رہے گا/ امریکی کمانڈر
تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت اور پاکستان کے درمیان بہتر تعلقات ہونا ضروری
سرینگر: امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل جوزف ووٹل نے کہا ہے کہ امریکہ بھارت اور پاکستان کے مابین بہتر تعلقات کا خواہاںہے ۔ انہوںنے کہاکہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے دونوں ممالک کو چاہئے کہ وہ مذاکراتی عمل کو پھر بحال کریں ۔ پاکستان کے متعلق انہوں نے کہا کہ امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل جوزف ووٹل نے کہا ہے کہ امریکا کے لیے پاکستان ہمیشہ ایک خاص اہمیت کا حامل ملک رہے گا۔کرنٹ نیوز آف انڈیا مانیٹرنگ کے مطابق امریکی سنٹرل کمانڈ جنرل جوزف نے کہا ہے کہ امریکہ خطے میں امن کی لڑائی میں پاکستان کے کردار کو فراموش نہیں کرے گا ۔ جنرل جوزف کا امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے روبرو کہنا تھا کہ روس، چین، انڈیا اور ایران جیسے ممالک کے درمیان موجود ایٹمی طاقت کا حامل پاکستان ایک ایسا ملک ہے جو امریکا کے لیے ہمیشہ خاص اہمیت کا ملک رہے گا۔امریکی کمانڈر کا مزید کہنا تھا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے پاکستان کا کردار اہم ہوگا، افغانستان میں 17 سال سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات میں پاکستان نے مثبت کردار ادا کیا امریکا بھی جنگ کے خاتمے کے ہدف کے لیے پاکستان کی ہر ممکن مدد کرنے کے لیے تیار ہے۔انہوںنے کہا کہ امریکہ نے ہمیشہ بھارت اور پاکستان کے مابین بہتر تعلقات چاہے ہیں اور اس کیلئے امریکہ نے بھی سفارتی و خارجی سطح پر کئی اقدامات اُٹھائے ۔ جنرل جوزف نے مزید کیا کہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان اور بھارت کو معطل شدہ مذاکراتی عمل کو پھر بحال کرکے خطے میں قیام امن کی امریکی کاوشوں کا ساتھ دینا چاہئے ۔امریکی کمانڈر جنرل جوزف نے افغانستان میں سیاسی بحران کو امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی استحکام کے بغیر قیام امن کا خواب پورا نہ ہوسکے گا اور امریکا افغانستان میں قیام امن کے لیے دیگر حلقوں کے ساتھ ساتھ پاکستان سے بھی مثبت کردار نبھانے کا خواہاں ہے۔سی این آئی کے مطابق امریکی کمانڈر جنرل جوزف نے کمیٹی کے ارکان کو بتایا کہ افغانستان کا معاملہ حل ہونے کی صورت میں فریقین کے تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔
Comments are closed.