جے اینڈ کے بینک اور ریٹنگ ایجنسی انفو مرکس کے درمیان معاہدہ
سرینگر/۲۹ جنوری: جموں و کشمیر بینک اور SEBI سے رجسٹرڈ اور ریزور بینک آف انڈیا کی تسلیم شدہ ریٹنگ ایجنسی Infomerics کے درمیان آج ایک باہمی معاہدہ طے پایا۔ اس معاہدے پرجے کے بینک کارپوریٹ ہیڈ کوارٹر میں بینک کے وائس پریزیڈنٹ اور چیف رِسِک آفیسر فیاض احمد زرگر نے دستخط کئے جبکہ انفو مرکس کی طرف سے کمپنی کے ڈائریکٹر وِپن ملک نے اس معاہدے پر دستخط کئے۔ یہ معاہدہ بینک کے چئرمین اور سر پرست اعلیٰ پرویز احمد کی موجودگی میں طے پایا۔ اس موقعے پر بینک کے چیئرمین نے کہا کہ کشمیر میں بڑے کارپوریٹ گاہکوں کیلئے یہ کمپنی اُنکی ریٹنگ کے معاملے میں سود مند ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے کارپوریٹ گاہکوں کو اپنے اکاؤنٹس کی درجہ بندی یعنی ریٹنگ میں مشکلات پیش آرہی تھیں جسکی ہمیں فکر لاحق تھی۔ہم اپنے بڑے گاہکوں کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے ایک ایسی ریٹنگ ایجنسی کے ساتھ معاہدہ کر رہے ہیں جسکا ملک میں ایک بڑا نام ہے۔یہ کمپنی اپنے دفاتر سرینگر اور جموں میں چالو کرہی ہے جہاں ابھی تک ایسی سہولیا ت کا فقدان تھا ۔ ہمارے بڑے گاہکوں کو اپنے اکاؤنٹس کی درجہ بندی اور لون اکاؤنٹس کی بہتر پرائسنگ کیلئے ریٹنگ کی اشد ضرورت ہوتی ہے جنکا خیال اب Infomerics نامی یہ کمپنی رکھے گی۔ ریٹنگ ایجنسی کے ڈائریکٹر وپن ملک نے کہا کہ ہم جے کے بینک کی خواہشات پر پورا اُترنے کی کوشش کرینگے اور اس بینک کے کارپوریٹ گاہکوں کو بہتر خدمات سے نوازیں گے۔ ریاست خاص کر وادی کشمیر میں ابھی تک ریٹنگ سہولیات دستیاب نہیں تھیں اور ہم اس خطے کے مالیاتی منظر نامے میں کارآمد رول ادا کرنے جارہے ہیں۔ریاست جموں و کشمیر میں ابھی تک ریزور بینک آف انڈیا کی تسلیم شدہ کوئی ریٹنگ ایجنسی موجود نہیں تھی جس وجہ سے ایسے ضرورت مند گاہکوں کو مشکلات کا سامنا تھا جنہیں ہم دور کرنے جارہے ہیں۔
Comments are closed.