ہماری بہادر افواج کسی بھی خطرے سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں
سرینگر/29جنوری: سربراہ پاکستانی فوج جنرل قمر جاوید کا کہنا ہے کہ وطن عزیز کے چپے چپے کا دفاع کریں گے اور انشاء اللہ کسی بھی خطرے کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے تیار ہیں۔سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے کھاریاں میں انسداد دہشت گردی کے مرکز کا دورہ کیا اور انتہائی جدید سہولیات سے آراستہ مرکز کاافتتاح کیا۔ اس موقع پر سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کہ مادر وطن کے دفاع کے لئے ہر قیمت ادا کریں گے، کسی کو ہماری بہادر افواج اور اس کی صلاحیتوں پر شک نہیں ہونا چاہیئے، ہماری بہادر افواج کسی بھی خطرے سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔سربراہ پاک فوج نے کہا کہ عوام اور افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں، پاکستان گزشتہ ایک دہائی سے دہشت گردی کا شکار ہے تاہم عوام اور سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت سے دہشت گردی کا رخ موڑدیا اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور عوام کے عزم سے دہشت گردی کو ختم کیا ہے۔
Comments are closed.