جموں کشمیر میں موسلادھار بارشیں ،برفباری ، سردی کی شدت میں اضافہ، بدھ سے موسم میں بہتری کاامکان :محکمہ موسمیات

جواہر ٹنل پر بھاری برفانی تودہ گر آیا، دونوں ٹیوب بند ،شاہراہ پر گاڑیوں کی نقل وحمل بند

سرینگر :٢٢،جنوری ؍کے این این ؍ جموں وکشمیر میں گزشتہ24گھنٹوں سے جاری موسلادھار بارشوں اوربالائی و پہاڑی علاقوں میں بھاری برفباری کے سبب وادی میں شدید سردی کی لہر میں مزید اضافہ ہوا۔اس دوران جو ہر ٹنل پربھاری برفانی تودہ گر آیا جسکے نتیجے میں ٹنل کے دونوں ٹیوب بند ہوگئے اور ٹریفک حکام کو شاہراہ پر ٹریفک کی نقل حمل مکمل طور بند کرنی پڑی ۔دریں اثناء محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ بدھ سے موسمی صورتحال میں بہتری کا امکان ہے ۔کشمیر نیوز نیٹ ورک کے مطابق پیر پنچال کے آر پار میدانی علاقوں میں گزشتہ24گھنٹوں سے جاری موسلا دھاربارشوںاور بالائی و پہاڑی علاقوں میںبرفباری سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوا ہے ۔ صوبہ جموں کے بیشتر علاقوں میں بارشیں جبکہ صوبہ کشمیر میں بارشوں کے ساتھ ساتھ بالائی وپہاڑی علاقوں میں درمیانہ درجے سے لیکر برفباری ہوئی ۔ جموں وکشمیر میں مغر بی ہوائیں داخل ہونے سے گزشتہ 24گھنٹوں سے بارشیں اور برفباری ہورہی ہے ۔یہ سلسلہ وقفے وقفے سے منگلوار کو بھی دن بھر جاری رہا ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے 24گھنٹوں کے دوران مغربی ہوائوں کا اثر کم ہوگیا اور بدھ سے موسمی صورتحال میں بہتری کا امکان ہے ۔کشمیروادی ،خطہ پیرپنچال ،وادی چناب اورلداخ میں محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق 19،جنوری سے برف باری اور بارشوں کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے، جسکے نتیجے میں پیرپنچال کے آرپار بیشتر علاقوں میں گزشتہ کئی دنوں سے معمول کی عوامی اورکاروباری سرگرمیاں متاثرہیں ۔محکمہ موسمیات کے ایک اعلیٰ عہدیدار کا کہنا ہے کہ جموں کشمیر میں مغربی ہواؤں کے زیر اثر جموں خطہ میں موسلا دھار بارشیں ہو رہی ہیں جبکہ وادی میں 19 جنوری سے وقفہ وقفہ سے درمیانی درجے کی برف باری یا بارشیں ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاہم منگل کی شام سے موسم میں بتدریج بہتری متوقع ہے۔قابل ذکر ہے کہ وادی میں گذشتہ کئی روز سے مطلع لگاتار ابر آلود رہنے کے باعث سردی کی شدت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ریاست کی گرمائی راجدھانی سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا جبکہ وادی کے مشہور سیاحتی مقامات پہلگام اور گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔ادھرکرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 12.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔ قصبہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔ ریاست کی سرمائی راجدھانی جموں میں کم سے کم درجہ حرارت8.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا جبکہ کٹرہ میں کم سے کم درجہ حرارت 6.0 ڈگری سینٹی گریڈ، بٹوٹ میں منفی2.1 ڈگری سینٹی گریڈ، بانہال میں0.1 ڈگری سینٹی گریڈ اور بھدرواہ میں0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔اُدھرجموں کے ضلع ریاسی میں ترکوٹہ پہاڑیوں پرواقع ماتا ویشنو دیوی گھپا مندر پربھون سے بھیرون گھاٹی اور کٹرہ۔ سنجی چاٹ جانے والی روپ وے سروس اور ہیلی کاپٹر سروس کو بھی منگل کے روز ہوئی تازہ برف باری کے پیش نظر معطل رکھا گیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ماتا ویشنو دیوی گھپا مندر پرمنگل کی صبح سے ہورہی برف باری کے پیش نظر روپ وے سروس اور ہیلی کاپٹر سروس کو بند رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسافر بحسن وخوبی سفر (یاترا) انجام دے رہے ہیں تاہم انہیں سڑکوں پر پھسلن پیدا ہونے کے پش نظر کہا گیا ہے کہ وہ احتیاط سے سفر کریں۔ ادھر خراب موسمی حالا ت کے پیش نظر اودھم پور کے چیف ایجوکیشن آفیسر نے علاقے میں تمام اسکولوں کوبند رکھنیکا حکم نامہ جاری کیا ہے۔دریں اثنا ء کشمیروادی کو بیرون دنیا کیساتھ جوڑنے والی سری نگرجموں قومی شاہراہ پر منگل کے روز لگاتار دوسرے دن بھی ٹریفک کی نقل وحمل کے لئے بند رہی۔سرکاری ذرائع نے بتایاکہ قاضی گنڈ کی جانب جواہرٹنل کے نزدیک ایک بھاری برفانی تودے کی وجہ سے شاہراہ پرٹریفک پیداہوئی ۔انہوں نے کہاکہ برفانی تودے کی وجہ سے شاہراہ کوبندکردیاگیا۔ذرائع کاکہناتھاکہ برفانی تودے کوہٹانے کی کارروائی جاری ہے۔سری نگرمیں قائم محکمہ موسمیات کے علاقائی دفترمیں تعینات ڈائریکٹرسونم لوٹس نے بتایاکہ اتوارکی شام سے کشمیروادی میں موسم خراب چلاآرہاہے۔انہوں نے بتایاکہ شمالی کشمیرمیں برف باری جاری ہے جبکہ سری نگراوروسطی کشمیرکے دوسرے علاقوں کیساتھ ساتھ جنوبی کشمیر میں بارشیں ہورہی ہیں۔سونم لوٹس نے بتایاکہ جواہرٹنل کے آرپاردوران شب برف باری ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے علاقائی ڈائریکٹرسونم لوٹس نے خبردارکیاکہ 24جنوری تک کشمیروادی ،لداخ ،خطہ پرپنچال اوروادی چناب کے میدانی اوربالائی علاقوں میں درمیانہ سے بھاری برف باری ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ اگلے چوبیس گھنٹوں کے دورا ن بھاری برف باری ہوسکتی ہے ،جسکے نتیجے میں اہم اورلازمی خدمات متاثرہوسکتی ہیں۔سونم لوٹس نے بتایاکہ منگل واراوربدھ کوپیرپنچال کے آرپاربشمول لداخ میں بڑے پیمانے پر برف باری ہوسکتی ہے۔انہوں نے بالائی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کومشورہ دیاکہ وہ اگلے کچھ دنو ں کیلئے اپنی نقل وحمل کوکم کریں۔

Comments are closed.