نیشنل کانفرنس کی مضبوطی میں ہی ریاست کی خصوصی پوزیشن محفوظ
سابق ڈی آئی جی مشتاق صادق ،معروف گلوکار وحید جیلانی اور درجنوں سیاسی سماجی شخصیات نیشنل کانفرنس میں شامل
سرینگر/14جنوری: نیشنل کانفرنس کی مضبوطی میں ہی جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن، وحدت، انفرادیت ، اجتماعیت اور مذہبی ہم آہنگی محفوظ ہے اور یہ بات وقت وقت پر ثابت ہوئی ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ نیشنل کانفرنس کے بغیر یہاں جو کوئی بھی حکومت قائم ہوئی اُس نے ریاست کے مفادات کیساتھ کھلواڑ کیا۔ سی این آئی کے مطابق ان باتوں کا اظہار صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس میں سوپور، بارہمولہ، بجبہاڑہ، بانڈی پورہ، حضرت بل، سونہ وار، اننت ناگ، ترال، پلوامہ، بڈگام، پٹن، بارہمولہ اور ہندوارہ سے آئے ہوئے عوامی وفود، پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کیساتھ تبادلہ خیالات کرتے ہوئے کیا۔ اس موقعے پر جنرل سکریٹری علی محمد ساگر اور صوبائی صدر ناصر اسلم وانی موجود تھے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے سامنے سابق ڈی آئی جی پولیس مشتاق صادق اور مشہور و معروف گلوکار وحید جیلانی کے علاوہ کئی سیاسی اور سماجی شخصیات نے نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کیا۔ پارٹی لیڈران نے شمولیت اختیار کرنے والوں کا خیر مقدم کیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے۔ اس دوران درجنوں وفود ڈاکٹر فاروق عبداللہ سے ملاقی ہوئے اور اپنے اپنے مسائل و مشکلات بیان کئے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے موقعہ پر ہی مختلف محکموں کے حکام کے ساتھ معاملات اُٹھا کر لوگوں ان کا سدباب کرانے کی تاکید کی۔ اس کے علاوہ صدرِ نیشنل کانفرنس نے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے پارٹی سرگرمیوں اور تنظیمی امورات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ انہوں نے پارٹی سے وابستہ افراد کو ہدایت کی کہ وہ لوگوں کے ساتھ قریبی رابطہ کرکے اُن کے دکھ سکھ میں کام آئیں اور اپنے اپنے علاقوں کے لوگوں کے مسائل و مشکلات ہر سطح پر اُجاگر کریں۔ پارٹی سے وابستہ افراد کو دشمنوں کی چالوں اور سازشوں سے ہوشیار رہنے کی تاکید کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ آر ایس ایس ، بھاجپا اور دیگر بھگوا جماعتوں کے اعلیٰ کار یہاں مختلف حربے اپنا کر لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے اور ایسے میں ہمیں ہوشیار رہ کر ان کی شاطرانہ چالوں کو ناکام بنانا ہوگا۔ انہوں نے پارٹی سے وابستہ افراد سے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی مضبوطی اور لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے خود کو وقف رکھیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ نیشنل کانفرنس کی مضبوطی میں ہی ریاست کی خصوصی پوزیشن محفوظ رہ سکتی ہے ۔ ماردھارڈ، ظلم و ستم، افراتفری اور بے چینی کا خاتمہ نیشنل کانفرنس کی اولین ترجیح ہے اور ہم ریاست میں مکمل امن و امان کی بحالی کے متمنی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گذشتہ4سال سے ریاست خصوصاً وادی کے لوگوں نے جو مشکلات اور مصائب سہے اُن سے خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس موقعے پر خواتین ونگ کی ریاستی صدر شمیمہ فردوس، سینئر لیڈران چودھری محمد رمضان، علی محمد ڈار، آغا سید محمود، جاوید احمد ڈار، عرفان احمد شاہ، ڈاکٹر محمد شفیع، پیر آفاق احمد، ایڈوکیٹ شوکت احمد میر، مشتاق احمد گورو، نذیر احمد ملک ،پیر محمد حسین، غلام نبی وانی تیل بلی، حاجی غلام قادر آخون اور حاجی عبدالاحد ڈارکے علاوہ کئی لیڈران موجود تھے۔
Comments are closed.