آئی اے ایس ٹاپر شاہ فیصل کاسرکاری نوکری سے استعفیٰ، کہا کشمیر میں تشدد کی مخالفت کرتے ہیں

جمعہ کو پریس کانفرنس دیں گے

سرینگر9جنوری : کئی سال قبل آئی اے ایس ٹاپر شاہ فیصل بدھ کو سرکاری نوکری سے مستعفیٰ ہوگئے ہیں۔ استعفیٰ دینے کے بعد ایک بیان جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ کشمیر میں تشدد کی مخالفت کرتے ہیں اور وہ اس فیصلے کولیکر جمعہ کو پریس کانفرنس بھی کریں گے۔سی این ایس کے مطابق جموں و کشمیر کے پہلے آئی اے ایس ٹاپر شاہ فیصل نے اپنے عہدہ سے استعفی دیدیا ہے ۔ 2010بیچ میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے شاہ فیصل ممکنہ طور نیشنل کانفرنس میں شامل ہونے والے ہیں اورکہا جارہا ہے کہ وہ نیشنل کانفرنس کی ٹکٹ پر اس مرتبہ لوک سبھا کا الیکشن لڑ سکتے ہیں۔شاہ فیصل نے اپنا استعفیٰ سوموار کو متعلقین کو پیش کیا جس کو ضابطے کے تحت منظور ہونے میں کچھ دن لگ سکتے ہیں۔ شاہ فیصل ابھی حال ہی میں یورپ کی معروف یونیورسٹی، ہارورڈ کنیڈی سکول سے فیلو شپ کرکے لوٹے ہیں۔شاہ فیصل اب تک کے پہلے کشمیری ہیں جنہوں نے آئی اے ایس امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ انہوں نے استعفی کے بعد ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ کشمیر میں تشدد کی مخالفت کرتے ہیں۔ اپنے استعفی کو لے کر شاہ فیصل جمعہ کو پریس کانفرنس بھی کریں گے۔گذشتہ برس شاہ فیصل اس وقت مشکل میں پھنس گئے تھے۔جب انہوں نے آبروریزی کے بڑھتے واقعات پر ٹویٹ کیا تھا۔ اس ٹویٹ کے بعد ان کے خلاف نوٹس بھی جاری کردیا گیا تھا۔ لیکن فیصل اپنی بات پر بضد رہے تھے اور افسروں کے بولنے کی آزادی کا معاملہ بھی اٹھایا تھا ۔دریں اثناء نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اپنی ایک ٹویٹ میں شاہ کے سیاست میں آنے کا خیر مقدم کیا ہے۔

Comments are closed.