خصوصی ویڈیو رپورٹ: سابق پی ڈی پی لیڈر، راجا اعجاز علی پیپلز کانفرنس میں شامل
مستعفی ہونے والے لیڈر پیرا شوٹ کے ذریعے پارٹی میں داخل ہوئے تھے اور ایسے ہی نکل گئے : محبوبہ مفتی
سرینگر؍26 دسمبر ؍ جے کے این ایس؍ پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے سابق لیڈر، راجا اعجاز علی نے بدھ کو پیپلز کانفرنس میں شمولیت کا اعلان کیا۔ادھر سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اپنی چپی توڑتے ہوئے کہاکہ جو لیڈر حادثاتی طورپر پارٹی میں شامل ہوئے تھے وہی پارٹی کو چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہوا کارخ دیکھ کر پارٹی میں شامل ہونے والے لیڈران ہی بھاگ رہے ہیں۔ جے کے این ایس کے مطابق سابق آئی جی پولیس ،راجا نے2014کے اسمبلی انتخابات میں پی ڈی پی ٹکٹ پر اْوڑی انتخابی حلقے سے حصہ لیتے ہوئے19000ووٹ حاصل کئے تھے۔پی ڈی پی لیڈرشپ پر الزام عائد کرتے ہوئے راجا نے کہا کہ اْنہیں پارٹی میں آگے بڑھنے اور سیاسی اختیار سے محروم رکھا گیا تھا۔انہوں نے کہا” جہاں پی ڈی پی 1200ووٹوں سے آگے نہیں بڑھتی تھی وہاں میں نے 19000ووٹ حاصل کئے لیکن میری محنت کو پارٹی کے اندر پذیرائی نہیں ملی اور مجھے ہمیشہ ٹالا گیا”۔ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں کے دوران کئی پی ڈی پی لیڈران پارٹی کو خیر باد کہہ کر پیپلز کانفرنس اور نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کرنے کا من بنا چکے ہیں۔ ادھر پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ چند لیڈروں کے پارٹی سے چلے جانے سے کوئی فرق پڑنے والا نہیں کیونکہ اس سے زیادہ پارٹی میں شامل ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مستعفی ہونے والے لیڈروں کوئی عوامی ساخت نہیں ہے لہذا اُن کے رہنے یا نہ رہنے سے پارٹی کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ جموں خطہ میں پی ڈی پی کو مضبوط کرنے کی تلقین کرتے ہوئے انہوں نے کارکنان کو بتایا کہ نیشنل کانفرنس کی طرف سے یہ غلط تاثر دیا جا رہا ہے کہ کشمیر وادی میں ان کے حق میں زبردست لہر چل رہی ہے۔ایسی’ گمراہ کن افواہوں‘ پر یقین نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ ممکن ہے کہ کشمیر کے لوگ بی جے پی کے ساتھ الحاق کرنے کے لئے پی ڈی پی سے خفا ہو ں لیکن وہ اینٹی پی ڈی پی ہر گز نہیں ہیں۔ محبوبہ مفتی نے یاد دلایا کہ انہوں نے رسانہ عصمت دری و قتل معاملہ میں سٹینڈ لیا ، اگر وہ بی جے پی کے دباؤ میں آگئی ہوتیں تو یہ معاملہ کبھی بھی منطقی انجام تک نہ پہنچتا۔ انہوں نے جموں کے تمام کارکنان سے اپیل کی کہ وہ خطہ میں لگن او ر جانفشانی سے محنت کریں تا کہ مجوزہ پارلیمانی و اسمبلی انتخابات میں زیادہ سے زیادہ نشستیں حاصل کی جا سکیں۔پی ڈی پی صدر نے کارکنوں اور لیڈروں پر زور دیا کہ وہ پارٹی کو مضبوط و مستحکم بنانے کیلئے لوگوں کے ساتھ قریبی تال میل قائم رکھیں۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں تاہم جو کوئی بھی پارٹی مخالف کارروائیوں میں ملوث قرار پائے گا اُس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ پی ڈی پی نے ہمیشہ لوگوں کیلئے بھلائی کیلئے کام کیا ہے اور مستقبل میں سابق وزیر اعلیٰ مرحوم مفتی محمد سعید کے نقش پا پر چل کر پارٹی کو اونچائیوں تک لے جائینگے۔
Comments are closed.