مجہ گنڈ سرینگر میں جنگجو مخالف آپریشن کے دوران گولیاں چلنے کی آوازیں سنائی دیں۔ پورے علاقے کو سیل کیا گیا
کولگام کے لون محلہ بوگام گاؤں میں جنگجو مخالف آپریشن کے دوران تشدد بھڑک اُٹھا
سرینگر؍08 دسمبر ؍ جے کے این ایس؍ مجہ گنڈ سرینگر میں اُس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب جنگجو مخالف آپریشن کے دوران گولیاں چلنے کی آوازیں سنائی دیں۔ دفاعی ذرائع کے مطابق علاقے کو پوری طرح سے سیل کیا گیا ہے ۔ ادھر جنوبی ضلع کولگام کے لون محلہ بوگام گاؤں میں جنگجو مخالف آپریشن کے دوران تشدد بھڑک اُٹھا۔ مشتعل نوجوانوں کو منتشر کرنے کیلئے فورسز نے اشک آور گیس کے گولوں کے ساتھ ساتھ ساونڈ شیلوں کا استعمال کیا۔ جے کے این ایس کے مطابق عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے جونہی شہر سرینگر کے مضافاتی علاقے مجہ گنڈ کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا اس دوران گولیاں چلنے کی آوازیں سنائی دیں۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان دوبدو گولیوں کا تبادلہ ہوا ہے جس کے بعد فورسز نے پورے علاقے کو سیل کیا ہے۔ دفاعی ذرائع کے مطابق علاقے میں جنگجوؤں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد تلاشی آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ فورسز کی اضافی کمک طلب کرکے علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو پوری طرح سے سیل کیا گیا ہے۔ آخری اطلاعات موصول ہونے تک تلاشی آپریشن جاری تھا۔ ادھر عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اط لاع ملنے کے بعد سیکوری فورسز نے جونہی بوگام کولگام گاؤں کو محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی کارروائی شروع کی اس دوران مساجد کے لاوڈ سپیکروں پر اعلانات کئے گئے جس کے ساتھ ہی سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے سڑکوں پر آکر اسلام و آزادی کے حق میں نعرے بازی کی۔ مقامی ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے احتجاج کر رہے نوجوانوں کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا جس پر مظاہرین مشتعل ہوئے اور پتھراو کیا۔ نمائندے کے مطابق تشدد پر اُتر آئی بھیڑ کو منتشر کرنے کیلئے فورسز نے ٹیر گیس شلنگ کے ساتھ ساتھ ساونڈ شیلوں کا بھی استعمال کیا جس کے نتیجے میں لون محلہ بوگام اور اُس کے ملحقہ علاقوں میں سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا اور لوگ محفوظ مقامات کی اور بھاگنے لگے۔ نمائندے کے مطابق مقامی نوجوانوں کی جانب سے پتھراو کے بعد اضافی کمک کو طلب کیا گیا اور فورسز نے مزید تین گاؤں کو سیل کرکے فرار ہونے کے راستوں پر پہرے بٹھا دئے۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے گاؤں کے داخلی اور خارجی راستوں پر اضافی سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کو تعینات کیا۔ دفاعی ذرائع کے مطابق عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد بوگام کولگام علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ دفاعی ذرائع کے مطابق مصدقہ اطلاع ملی ہے کہ گاؤں میں دو سے تین عسکریت پسند چھپے بیٹھے ہیں جنہیں مار گرانے کیلئے فورسز کی اضافی کمک کو تعینات کیا گیا ہے۔ جے کے این ایس نے اس ضمن میں جب دفاعی ذرائع کے ساتھ رابط قائم کیا تو انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ 9آر آر نے بوگام کولگام میں تلاشی لی تاہم اس دوران سنگباری کا کوئی واقع پیش نہیں آیا۔ دفاعی ذرائع نے مقامی لوگوں کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ تلاشی کارروائی کے دوران کسی نے مزاحمت نہیں کی ۔

Comments are closed.