انسان چاند پر پہنچ گیا لیکن ہم مسئلہ کشمیر حل نہیں کرسکے/وزیر اعظم پاکستان

ہمیں ماضی کی زنجیروں کو توڑ کر آگے بڑھنا ہوگا کیونکہ اس کے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے

سرینگر/28نومبر/سی این آئی / تنازعہ کشمیر کے حل پر ایک مرتبہ پھر زور دیتے ہوئے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انسان چاند پر پہنچ گیا لیکن ہم مسئلہ کشمیر حل نہیں کرسکے جب کہ ہمیں ماضی کی زنجیروں کو توڑ کر آگے بڑھنا ہوگا۔ سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھ دیا، تقریب میں پاکستانی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، بھارتی پنجاب کے صوبائی وزیر نوجوت سنگھ سدھو اور پاکستانی وزرا سمیت دیگر سیاسی وعسکری قیادت نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم نے تمام سکھ برادری کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آج بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے ہر چہرے پر خوشی دیکھ رہا ہوں، اگلے سال جب سکھ برادری بابا گرونانک کے جنم دن پر یہاں آئے گی تو انہیں تمام تر سہولیات مہیا کی جائیں گی اور یہ کرتارپور انہیں بہتر انداز میں ملے گا۔پاکستانی وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں ماضی کی زنجیروں کو توڑ کر آگے بڑھنا ہوگا کیوں کہ اس کے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے، جب فرانس اور جرمنی کے تعلقات بہتر ہوسکتے ہیں تو ہمارے کیوں نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام سول وعسکری ادارے ایک صفحے پر ہیں اور ہم آگے بڑھنا چاہتے ہیں تاہم ہمارا مسئلہ صرف ایک ہے اور وہ کشمیر ہے، آج کے دور میں انسان چاند پر پہنچ گیا تو کیا ہم اپنا ایک مسئلہ نہیں حل کرسکتے، صرف ارادے کی ضرورت ہے، جس سے ہم اس مسئلے کو بھی حل کرسکتے ہیں۔

Comments are closed.