ویڈیو: دور جدید میں بھی پٹن کے کئی علاقے بنیادی سہولیات سے محروم
دلسپورہ اور دیگر علاقے گذشتہ بیس برسوں سے پانی کی سپلائی کے انتظار میں
سرینگر/10نومبر/سی این آئی/ پٹن کے کئی علاقے پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں ۔ جس پر مقامی لوگوں نے انتظامیہ کے خلاف سخت ناراضگی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس دور جدید میں بھی ہم بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور سرکار جو دعوے کررہی ہے وہ سراب اور بے بنیاد ہیں ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق شمالی کشمیر کے قصبہ پٹن کے دلسپورہ اور ہری نار علاقوں کے لوگوں نے انتظامیہ کے خلاف سخت برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ دیہات 21ویں صدی میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ بیس برسوں سے مسلسل علاقے کے لوگ محکمہ پی ایچ ای اور ضلع افسران سے پینے کے پانی کی عدم دستیابی کے حوالے سے یاد دہانی کرتے رہے ہیں لیکن آج تک خالی یقین دہانیوں کے سوا کچھ بھی حاصل نہیں ہوا۔ اس ضمن میں پی ایچ ای پٹن ڈویژن کے اے ای ای نے سی این آئی نمائندے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ علاقوں کو پانی کی عدم دستیابی کا معاملہ پُرانا ہے اور انہیں پانی کے ٹینکروں کے ذریعے پانی فراہم کیا جارہاہے جو ان علاقوں کی پانی کی ضروریات کیلئے ناکافی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جلد ہی علاقوں کو پینے کا پانی فراہم کرنے کیلئے اقدامات اُٹھائے گا۔ ادھر مقامی لوگوں نے کہا کہ پینے کا صاف پانی مئیسر نہ ہونے کی وجہ سے لوگ ناصاف پانی کااستعمال کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں جس کے نتیجے میں مقامی آبادی کئی طرح کی بیماریوں میں مبتلاء ہوچکے ہیں ۔ لوگوں نے اس حوالے سے گورنر انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ ان علاقوں کیلئے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات اُٹھائیں تاکہ لوگوں کو درپیش مشکلات سے چھٹکارا مل جائے ۔
Comments are closed.