بونیار اوڑی میں جھڑپ ،4 عدم شناخت جنگجو جاں بحق ،فوج کا دعویٰ

اوڑی :یو پی آئی:بونیار بارہ مولہ کے جنگلی علاقے میں فوج نے 4عدم شناخت عسکریت پسندوں کو جھڑپ کے دوران جاں بحق کرنے کا دعویٰ کیا ۔ دفاعی ذرائع کے مطابق ٹورنا پوسٹ کے نزدیک فوج اور عسکریت پسندوں کے درمیان گولیوں کا تبادلہ ہوا جس دوران چار عدم شناخت جنگجوﺅں کو مار گرایا گیا ہے اور اُن کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔ دفاعی ذرائع کے مطابق مہلوک عسکریت پسندوں کی شناخت کیلئے کارروائی شروع کی گئی ہے۔

بونیار بارہ مولہ میں فوج نے جنگلی علاقے میں تلاشی آپریشن کے دوران 4عدم شناخت عسکریت پسندوں کو جاں بحق کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہاکہ اُن کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔ دفاعی ذرائع کے مطابق 5گرنیڈس سے وابستہ فوجی اہلکاروں نے ٹورنا پوسٹ کے نزدیک عسکریت پسندوں کے ایک گروپ کو دیکھا جس دوران فوج اور عسکریت پسندوں کے درمیان گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔

دفاعی ذرائع نے مزید بتایا کہ صبح آٹھ بجے کے قریب جھڑپ شروع ہوئی جو دوپہر ایک بجے تک جاری رہی جس کے بعد جھڑپ کی جگہ چار عدم شناخت جنگجوﺅں کی نعشیں برآمد کرکے تحویل میں لے لی گئیں۔فوج کے ایک آفیسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بونیار کے جنگلی علاقے میں جنگجو مخالف آپریشن کے دوران فوج اور عسکریت پسندوں کے درمیان آمنا سامنا ہوا ۔ مذکورہ آفیسر کے مطابق قریباً پانچ گھنٹے تک دو بدو گولیوں کا تبادلہ جاری رہا اور دوپہر ایک بجے کے بعد گولیوں کا تبادلہ تھم جانے کے بعد جھڑپ کی جگہ تین عسکریت پسندوں کی نعشیں برآمد کی گئی ۔

فوجی آفیسر نے مزید بتایا کہ شام دیر گئے جھڑپ کے نزدیکی علاقے میں ایک اورجنگجو کی نعش برآمد کی گئی ہے اور کل ملا کر چار عسکریت پسندوں کی نعشیں برآمد کرکے اُن کی شناخت کیلئے کارروائی شروع کی گئی ہے۔ فوجی آفیسر کا مزید کہنا تھا کہ گھنے جنگلات کے باعث جنگجو مخالف آپریشن کے دوران فورسز اہلکاروں کو دقتوں کا سامنا کرناپڑا ۔

Comments are closed.