پاکستان نے کپتان سرفراز احمد اور نوجوان بلے باز بابر اعظم کی شاندار بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا پر 500 رنز کی سبقت حاصل ہوگئی۔
ابوظہبی میں کھیلے جانے والے میچ کے تیسرے دن پاکستان نے دوبارہ بیٹنگ کا آغاز کیا تو حارث سہیل گزشتہ روز کے اسکور میں 10 رنز کے اضافے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
تاہم 6 رنز بعد ہی سابق کپتان اظہر علی مضحکہ خیز طریقے سے اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، جس کے بعد اسد شفیق اور بابر اعظم نے ٹیم کو سنبھالا لیکن اسد شفیق بھی 235 رنز کے مجموعے پر 44 رنز بنا کر لبوشین کی گیند پر آوٹ ہوگئے۔
پانچ وکٹیں گنوانے کے بعد کپتان سرفراز احمد اور نوجوان بابر اعظم نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے پاکستان کی برتری کو 500 رنز تک پہنچا دیا۔
دریں اثنا بابر اعظم اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری مکمل نہ کر سکے اور مچل مارش کی گیند پر 99 رنز بنانے کے بعد ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔
واضح رہے کہ بابر اعظم اب تک 13 ٹیسٹ میچ کھیلے چکے ہیں جس میں انہوں نے 6 نصف سنچریاں اسکور کیں تاہم سنچری بنانے میں ناکام رہے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 282 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئی تھی، جس میں فخر زمان اور سرفراز احمد نے 94، 94 رنز اسکور کیے تھے۔
پاکستان کے محمد عباس نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھیل کے دوسرے دن 33 رنز دے کر 5 آسٹریلین کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے ان کی اننگز 145 رنز پر تمام کردی تھی۔
پاکستان نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو محمد حفیظ میچ میں دوسری مرتبہ پھر ناکام ہوگئے اور 6 رنز بنانے کے بعد 15 کے مجموعے پر اپنی وکٹ دے بیٹھے۔
حفیظ کے بعد اظہر علی اور فخرزمان نے آسٹریلین کھلاڑیوں کے چیلنگ کو قبول کیا اور ٹیم کا اسکور 106 رنز تک پہنچایا جہاں فخر زمان 66 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے تھے۔
میچ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام تک پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنا لیے تھے اور انہیں 281 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔
Comments are closed.