ڈاکٹر منان کی ہلاکت :کپوارہ میں چار روز بعد معمولات زندگی بحال،تعلیمی ادارے ہنوز مقفل

کپوارہ : اسکالر سے جنگجو بننے ڈاکٹر منان کی معرکہ آرائی کے دوران ہلاکت پر سرحدی ضلع کپوارہ میں چار روز تک تعزیتی ہڑتال ،بندشوں اور پابندیوں کے باعث متاثر رہے معمولات زندگی پیر کو واپس پٹری پر لوٹ آئے .

ڈاکٹر منان وانی اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ شاٹھ گنڈ بالا ہندوارہ میں ایک معرکہ آرائی کے دوران گزشتہ جمعرات کو جاں بحق ہوئے تھے .

اطلاعات کے مطابق کپوارہ میں مسلسل چار روز تک تعزیتی ہڑتال کے باعث کاروباری ادارے ،تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں سے پبلک ٹرانسپورٹ غائب رہا ،تاہم یہاں پیر کی صبح چار روز بعد دکانات ،کاروباری ادارے اور تجارتی مراکز کھل گئے جبکہ سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ کی سرگرمیاں بھی بحال ہوئیں .

منانی وانی کی ہلاکت کے بعد قصبے میں نافذ کی گئی پابندیوں اور بندشوں کو بھی پیر کے روز مکمل طور پر ہٹائی گئیں .

ضلعے میں ٹوجی انٹر نیٹ سروس بحال کردی گئی ہے ،تاہم انتظامیہ کی ہدایت پر احتیاطی اقدامات کے تحت ضلعے میں تمام سرکاری وغیر سرکاری تعلیمی ادارے مقفل رہے .

یہ اقدامات ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے خدشات اور امن وقانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے کےلئے کئے گئے .

Comments are closed.