کشمیر کے بالائی حصوں میں برف باری، میدانی علاقوں میں بارشیں

سری نگر:وادی کشمیر کے مختلف بالائی حصوں میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہلکی برف باری ہوئی۔ اس کے علاوہ میدانی علاقوں میں پیر اور منگل کی درمیانی رات کے دوران تیز ہواو¿ں کے ساتھ بارشیں ہوئیں۔ تازہ برف باری اور بارشوں سے وادی کے درجہ حرارت میں کمی آئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست کے میدانی علاقوں میں بارشوں جبکہ بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے آئندہ 36 گھنٹوں تک جاری رہ سکتا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں سری نگر لداخ قومی شاہراہ پر واقع مشہور سیاحتی مقام سونہ مرگ میں منگل کی صبح برف باری ہوئی۔

برف باری کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے قریب دو گھنٹوں تک جاری رہا۔ اطلاعات کے مطابق برف باری کی وجہ سے سونہ مرگ میں موجود سیاحوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے اور وہ اپنے ہوٹلوں و گیسٹ ہاو¿سوں سے باہر آکر گرتی ہوئی برف کا لطف لینے لگے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ وقت سے پہلے برف کا گرنا سیاحت کے لئے اچھا ہے۔ شمالی کشمیر میں واقع شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ کے افروٹ اور کھلن مرگ میں بھی تازہ برف باری ہوئی ہے۔ گلمرگ سے ایک ہوٹل مالک نے یو این آئی کو فون پر بتایا ’گلمرگ کے میدانی حصوں میں جہاں گذشتہ رات کے دوران بارش ہوئی، وہیں بالائی حصوں بالخصوص افروٹ اور کھلن مرگ میں ہلکی برف باری ہوئی‘۔

انہوں نے بتایا ’یہ گلمرگ میں رواں موسم کی دوسری برف باری ہے‘۔ جنوبی کشمیر میں واقع مشہور سیاحتی مقام پہلگام کے بالائی حصوں میں بھی تازہ برف باری ہوئی۔ اطلاعات کے مطابق پہلگام کے بالائی حصوں بالخصوص پوتر امرناتھ گھپا اور اس سے ملحقہ علاقوں بشمول چندن واڑی، شیش ناگ، مہاگنس، پسو ٹاپ اور پنج ترنی کے راستوں پر تازہ برف باری ہوئی ہے۔ ادھر گرمائی دارالحکومت سری نگر اور وادی کے باقی 9 اضلاع میں پیر اور منگل کی درمیانی رات کے دوران تیز ہواو¿ں کے ساتھ بارشیں ہوئیں۔

اس دوران محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے یو این آئی کو بتایا کہ ریاست کے میدانی علاقوں میں بارشوں جبکہ بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے آئندہ 36 گھنٹوں تک جاری رہ سکتا ہے۔

ایک سرکاری ترجمان نے کہا کہ انڈین میٹرولاجیکل سینٹر کی ایک کیمونیکیشن کے پیش نظر صوبائی کمشنرکشمیر بصیر احمد خان نے موسمی ایڈوائزری جاری کی ہے۔ صوبائی کمشنر کی طرف سے جاری کی گئی ایڈوائزری کے مطابق 10اکتوبر سے پہاڑی علاقوںمیں ہلکے سے درمیانہ درجے کی بارشوں یا برف باری کاامکان ہے۔

جبکہ وادی کشمیر کے کئی بالائی علاقوں اورلداخ ،خصوصاً کرگل ضلع میں اگلے 24سے36گھنٹوں تک بارش یا برف باری ہوسکتی ہے۔زوجیلا،سنتھن پاس، جموں سری نگر شاہراہ اور مغل روڈ کے علاوہ دیگر پہاڑی علاقوں میں برف باری کا امکان ہے۔ چنانچہ لیہہ اور کرگل سمیت صوبہ کشمیر کے ضلع ترقیاتی کمشنروں پر زوردیا گیا ہے کہ وہ لوگوں کو پسیاں گر آنے والے علاقوںمیں نقل وحرکت سے پرہیز کرنے کی صلاح دیں اورپوری احتیاط برتنے کی ہدایت دیں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آسکے۔

Comments are closed.