جموں وکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ سوموار کو، کشمیر فوجی چھاونی میں تبدیل

سری نگر ، (یو ا ین آئی) جموں وکشمیر میں انتظامیہ کے مطابق چار مرحلوں پر مشتمل بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ کے لئے سیکورٹی سمیت دیگر تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ 8 اکتوبر (سوموار) کو پہلے مرحلے میں میونسپل کارپوریشنوں، کونسلوں اور کمیٹیوں کے 422 حلقوں میں پولنگ ہونی ہے۔ پولنگ کا عمل صبح 7 بجے شروع ہوکر شام کے چار بجے تک جاری رہے گا۔

سبھی چار مرحلوں میں ڈالے جانے والے ووٹوں کی گنتی 20 اکتوبر کو ہوگی۔ صوبہ جموں میں جہاں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے زبردست جوش وخروش دیکھنے میں آرہا ہے، وہیں وادی کشمیر میں لوگ ان انتخابات سے بھاگتے ہوئے اور لاتعلق نظر آرہے ہیں۔

وادی میں بلدیاتی انتخابات کے لئے قائم سبھی پولنگ مراکز کو حساس یا حساس ترین قرار دیا گیا ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لئے رائے دہندگان کو لبھانے کے لئے گذشتہ دو ہفتوں سے جاری انتخابی مہم ہفتہ کی شام کو اپنے اختتام پر پہنچی۔

جہاں جموں میں انتخابی امیدواروں نے رائے دہندگان کو لبھانے کا ہر طریقہ استعمال کیا، وہیں وادی میں انتخابی میدان میں شامل امیدوار نہ تو روڑ شوز اور نہ کھلے میدانوں میں انتخابی جلسوں کا انعقاد کرسکے۔ وادی میں بیشتر لوگ اس قدر ان انتخابات سے لاتعلق ہیں کہ انہیں معلوم ہی نہیں ان کے حلقوں سے کون لوگ انتخابات لڑھ رہے ہیں۔

انتخابی امیدواروں نے مبینہ طور پر ہائی سیکورٹی زون والے علاقوں میں واقع سرکاری عمارتوں میں پناہ لے رکھی ہے۔ ذرائع نے بتایا ’جہاں انتخابی مہم کے دوران لوگ انتخابات سے لاتعلق نظر آرہے ہیں، وہیں سیاسی جماعتوں اور امیدواروں نے رائے دہندگان کو لبھانے کی سرگرمیاں اپنے پارٹی دفاتر، ڈاک بنگلوں اور دیگر سرکاری ہالوں کی چار دیواریوں تک ہی محدود رکھیں‘۔

Comments are closed.