سرینگر:یو پی آئی // جنوبی ضلع پلوامہ کے سانبورہ ، گڈورا، کریم آباد ، چند گام اور بندنا گاﺅں میں شبانہ چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران ایک درجن نوجوانوں کی گرفتاری عمل میں لاکر انہیں سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ نوجوانوں کو سنگباری کی پادائش میں گرفتار کیا گیا ہے۔ والدین کے مطابق اُن کے لخت جگروں کو جرم بیگناہی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ جنوبی ضلع میں سنگباری کرنے والے نوجوانوں کے خلاف سیکورٹی فورسز نے کریک ڈاون شروع کیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ درمیانی رات کو فورسز نے سانبورہ میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران دو نوجوانوں کو حراست میں لیا۔ ذرائع نے بتایا کہ گڈورا پلوامہ میں بھی گھر گھر تلاشی کے دوران دو افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ۔ ادھر کریم آباد پلوامہ میں بھی درمیانی رات کو سیکورٹی فورسز نے کئی رہائشی مکانوں پر چھاپے ڈالے جس دوران دو نوجوانوں کو حراست میں لیا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ چند گام اور بندانا پلوامہ میں بھی تلاشی آپریشن کے دوران چھ نوجوانوں کو دبوچ کر انہیں سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا ہے۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی جانب سے پنچایاتی اور بلدیاتی انتخابات کے پیش نظر نوجوانوں کی گرفتاری عمل میں لانے کے بعد کئی افراد روپوش ہو گئے ہیں۔ مقامی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ نوجوانوں کی گرفتاریوں کے خلاف لوگوں میں شدید ناراضگی پائی جار ہی ہے اور اس پر فوری روک لگانے کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔ ادھر سرکاری عہدیدار کا کہنا ہے کہ خشت باری میں ملوث شر پسند عناصر کو ہی گرفتار کیا گیا ہے ۔ دریں اثنا جنوبی کشمیر کے پلوامہ اور شوپیاں اضلاع میں سیکورٹی فورسز کو متحرک کیا گیا ہے جبکہ سماج دشمن عناصر پر خصوصی نظر گزر رکھنے کے بھی احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ پنچایتی اور بلدیاتی انتخابات کے پیش نظر جنوبی کشمیر کے تین اضلاع شوپیاں ، کولگام اور پلوامہ میں سیکورٹی کے غیر معمولی اقدامات کئے گئے ہیں جبکہ حساس علاقوں میں اضافی فورسز اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا ہے کہ تاکہ کسی بھی گڑھ بڑھ کو رونما ہونے سے پہلے ہی ٹالا جاسکے۔ ذرائع نے بتایا کہ جنگجوﺅں کی نقل وحرکت کی اطلاع ملنے کے بعد شوپیاں ، پلوامہ اور کولگام اضلاع میں تلاشی کارروائیوں کو سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ اہم شاہراﺅں پر ناکہ لگا کر ہر آنے جانے والے کی باریک بینی سے تلاشی لی جار ہی ہے۔
Sign in
Sign in
Recover your password.
A password will be e-mailed to you.
Comments are closed.