سوپور میں سرگرم عسکریت پسند کو گرفتار کرنے کا پولیس کا دعویٰ
سرینگر:یو پی آئی // لالچوک اننت ناگ میں جنگجو مخالف آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز پر پتھراو کیا گیا جس دوران مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے اشک آور گیس کے گولے داغے گئے۔ تجر شریف سوپور اور پلوامہ کے ببہ گام اور تجر شریف سوپور میں بھی گھر گھر تلاشی لی گئی جس دوران مکینوں کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کئے گئے۔ادھر سوپور میں ناکہ چیکنگ کے دوران مقامی عسکریت پسند کو گرفتار کیا گیا ۔مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد فوج ، سی آر پی ایف نے لالچوک اننت ناگ میں جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا گیا جس دوران کئی رہائشی مکانوں کی تلاشی لی گئی ۔ مقامی ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے لالچوک اننت ناگ کے جامع مسجد علاقے میں بھی گھر گھر تلاشی لی جس دوران مکینوں سے پوچھ تاچھ کی گئی ۔ نمائندے کے مطابق لالچوک اننت ناگ میں جنگجو مخالف آپریشن شروع کرنے کی خبر علاقے میں جنگل کے آگ کی طرح پھیل گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے نوجوانوں کی ٹولیاں سڑکوں پر نمودار ہوئیں اور احتجاجی مظاہرئے شروع کئے۔ نمائندے کے مطابق مشتعل نوجوانوں کو منتشر کرنے کیلئے سیکورٹی فورسز نے اشک آور گیس کے گولے داغے جس کے نتیجے میں لالچوک اننت ناگا اور اُس کے ملحقہ علاقوں میں افرا تفری کا ماحول پھیل گیا اور لوگ محفوظ مقامات کی طرف بھاگنے لگے۔ نمائندے کے مطابق سیکورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان کافی دیر تک پتھراو اور جوابی پتھراو کا سلسلہ جاری رہا جس کے بعد فوجی اہلکار علاقے سے رفوچکر ہو گئے۔ ادھر جنگجوﺅں کی نقل وحرکت کی اطلاع ملنے کے بعد 55آر آر ، سی آر پی ایف اور ٹاسک فورس نے پلوامہ کے ببگام گاﺅں کو محاصرے میں لے کر لوگوں کے چلنے پھرنے پر پابندی عائد کی ۔ نمائندے کے مطابق سیکورٹی فورسز نے کئی گھنٹوں تک گاﺅں کی تلاشی لی تاہم اس دوران کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران مکینوں سے باریک بینی کے ساتھ پوچھ تاچھ کی گئی ۔ ادھر سیکورٹی فورسز نے تجر شریف سوپور گاﺅں میں بھی جنگجو مخالف آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی ۔ نمائندے کے مطابق تلاشی آپریشن کے دوران کوئی ناخوشگوار واقع رونما نہیں ہوا جس کے بعد آپریشن کو ختم کیا گیا۔ دفاعی ذرائع نے لالچوک اننت ناگ ، ببگام پلوامہ اور تجر شریف سوپور میں تلاشی آپریشن شروع کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جنگجو مخالف آپریشن کے دوران کوئی ناخوشگوار واقع پیش نہیں آیا۔ دفاعی ذرائع کے مطابق سرگرم عسکریت پسندوں کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں سوپور پولیس نے ناکہ چیکنگ کے دوران ایک مقامی جنگجو کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد پولیس و سیکورٹی فورسز نے بارہ مولہ ہندواڑہ شاہراہ پر ناکہ لگایا جس دوران مقامی جنگجو جس کی شناخت عامر سلطان وار ساکنہ نائد کھائی سمبل کے بطور ہوئی ہے کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ۔ پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ کل ہی مذکورہ جنگجو نے سوشل میڈیا پر الیکشن میں حصہ لینے والوں کو دھمکی دی تھی تاہم جموںوکشمیر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دھمکی دینے والے لشکر طیبہ کے جنگجو کو گرفتار کیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ گرفتار جنگجو کو پوچھ تاچھ کے سلسلے میں نامعلوم جگہ منتقل کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہے۔
Comments are closed.