’کشمیرمیں کنول کھل اُٹھنے‘ کے مترادف: اویناش رائے کھنہ
مائیگرنٹ منتخب امیدواروں کو جموں سے بسترہ گول کرکے وادی منتقل ہونا پڑے گا
سری نگر : بی جے پی کے قومی نائب صدر اویناش رائے کھنہ نے وادی میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق بعض جگہوں پرپارٹی امیدواروں کی بلامقابلہ جیت کو ’کشمیر میں کنول کھل اُٹھنے‘ کے مترادف قرار دیا ہے۔ مائیگرنٹ اُمیدواروں کی طرف سے الیکشن میں حصہ لینے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر عوام انہیں اپنا نمائندہ منتخب کرتی ہے تو انہیں جموں سے اپنا بسترہ گول کرکے وادی منتقل ہونا پڑے گا اور ہمیں یقین ہے کہ سرکار ایسے امیدواروں کو معقول سیکورٹی فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ریاست میں امن کا قیام سب لوگوں کی ترجیح ہے تاہم ہم لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بھی امن کو زمینی سطح پر بحال کرنے میں اپنا بھر پور رول ادا کریں۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے ساتھ بات کرتے ہوئے بی جے پی کے قومی نائب صدر اویناش رائے کھنہ نے وادی میں بعض جگہوں پر بلدیاتی انتخابات کے تعلق سے پارٹی کے اُمیدواروں کی بلامقابلہ جیت کو ’کشمیر میں کنول کھل اُٹھنے‘ کے مترادف قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ بڑی خوش آئندہ بات کہ جموں کے بعد اب وادی میں بھی لوگ بی جے پی کی کارکردگی سے مطمئن ہے اور پارٹی اُمیدواروں کو منتخب کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر چہ بعض جگہوں پر پارٹی سے وابستہ امیدواروں کو بلامقابلہ کامیاب قرار دیا گیا تاہم یہ اس بات کی عکاسی ہے کہ ان مقامات پر بھی لوگ بی جے پی کی عوام دوست پالیسیوں پر یقین رکھتی ہے اور اسی لیے یہاں کوئی دوسرا امیدوار کھڑا نہیں ہوا۔
اویناش رائے کھنہ نے کہا کہ چناوی عمل کو اختتام پذیر ہونے دو اس کے بعد ہی بی جے پی آگے کا لائحہ عمل طے کرے گی۔ ہمیں امید ہے کہ بی جے پی پنچایتی اور بلدیاتی انتخابات میں سب سے بڑی پارٹی اُبھر کر سامنے آئے گی۔
بیرون وادی مائیگرنٹ امیدواروں کی طرف سے انتخابات میں حصہ لینے پر تبصرہ کرتے ہوئے بی جے پی کے قومی نائب صدر نے بتایا کہ جن مائیگرنٹ اُمیدواروں نے انتخابات میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے ، اگر عوام انہیں منڈیٹ دے کر منتخب کرتی ہے تو ایسے امیدواروں کو جموں اور دیگر جگہوں سے اپنا بسترہ گول کرکے وادی منتقل ہونا پڑے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ہمیں یقین ہے کہ سرکار ایسے امیدواروں کے لیے معقول رہائشی و سیکورٹی انتظامات کرے گی۔
پی ڈی اور نیشنل کانفرنس کے درمیان ممکنہ اتحاد پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے سامنے یہ کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ نمائندوں کے انتخاب کے لیے ایک جمہوری عمل ناگزیر ہےتاکہ لوگ اپنی آزاد مرضی کے مطابق اپنی رائے حق دہی کا استعمال کرکے اپنے من پسند نمائندوں کو سامنے لائیں اور لوگوں کا جو بھی فیصلہ ہوگا بی جے پی اسے بسر و چشم قبول کرے گی۔
بی جے پی لیڈر نے بتایا کہ ریاست جموں وکشمیر میں امن کی بحالی سبھی سیاسی جماعتوں اور عام لوگوں کی ترجیح ہے تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ عام لوگوں کو بھی امن کو زمینی سطح پر بحال کرنے کے لیے اپنا بھر پور رول ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ریاست میں امن کی بحالی کے لیے ہر ممکنہ اقدامات اُٹھائے گی۔
Comments are closed.