اقوام متحدہ، وزیر خارجہ سشما سوراج کے پاکستان پر اسامہ بن لادن اور حافظ سعید جیسے شدت پسندوں کو پناہ دینے کو لے کر کئے گئے تیکھے حملے کے بعد پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب میں کہاکہ ہندوستان نے تیسری بار پاکستان سے بات چیت کا موقع گنوا دیا ہے۔
مسٹر قریشی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 73 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا،’’ ہندوستان اور پاکستان کے لئے جنرل اسمبلی سے الگ ملاقات کرنے کا ایک اچھا موقع تھا، لیکن پھر سے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان نے تیسری بار اس موقع کو گنوا دیا ‘‘۔
جنرل اسمبلی کے اجلاس سے الگ دونوں ممالک کے وزراء خارجہ کے درمیان ہونے والی بات چیت منسوخ کئے جانے پر مسٹر قریشی نے کہا’’پاکستان،ہندوستان کے ساتھ تمام ایشوز پر بات چیت کرنا چاہتا تھا لیکن نئی دہلی نے امن پر سیاست کو ترجیح دیتے ہوئے مذاکرات منسوخ کر دی‘‘۔
اس سے پہلے 21 ستمبر کو ہندوستان نے پاکستان کے ساتھ نيويارك میں ہونے والی وزیر خارجہ سطح کے مذاکرات منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ہندوستان نے سکیورٹی اہلکاروں کے وحشیانہ قتل کے علاوہ پاکستان کی جانب سے دہشت گردوں کو مفتخر کرنے کے لئے ان پر 30 ڈاک ٹکٹ جاری کئے جانے کے بعد مذاکرات منسوخ کرنے کا یہ فیصلہ لیا تھا۔
پاکستانی وزیر خارجہ نے کہا، "اسلام آباد خود مختار برابری اور باہمی احترام کی بنیاد پر نئی دہلی کے ساتھ تعلقات چاہتا ہے۔ ہم سنجیدہ اور وسیع مذاکرات کے ذریعے تنازعات کا حل چاہتے ہیں جس میں تشویشات کے تمام ایشوز شامل ہوں‘‘۔
مسٹر قریشی نے کشمیر معاملہ کو اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ لاینحل تنازعہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان پائیدار امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
پاکستان میں کھلے عام بین الاقوامی دہشت گرد گھوم ررہے ہیں: سشما
ہندستان نے آج کہاکہ پاکستان مسلسل دہشت گردی پھیلا رہا ہے اور دہشت گردوں کو پناہ دے رہا ہے نیز بین الاقوامی دہشت گردوہاں کھلے عام گھوم رہے ہیں۔
وزیر خارجہ سشما سوراج نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 73ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج دہشت گردی کی لعنت کہیں آہستہ، کہیں تیز رفتار سے ہر ملک تک پہنچ گئی ہے۔ ہندستان طویل عرصہ سے دہشت گردی کی مار جھیلتا آرہا ہے۔ ہمیں دکھ ہے کہ ہمارے یہاں سرحد پار سے اپنا پڑوسی ہی دہشت گردی پھیلا رہا ہے۔
انہو ں نے کہاکہ پاکستان نے نہ صرف دہشت گردی پھیلانے بلکہ دہشت گردی کو مسترد کرنے میں بھی مہارت حاصل کرلی ہے۔ امریکہ میں 11/9کو ورلڈ ٹریڈ سنٹر پر ہوئے حملے کو دہشت گردی کا سب سے بڑابراکہا جاتا ہے ۔ پاکستان میں ہی اس کا ماسٹر مائنڈ اوسامہ بن لادن ملا جسے امریکہ اپنا سب سے بڑا دشمن مانتا تھا۔ لیکن خود کو امریکہ کا قریبی دوست بتانے والے پاکستان نے اسے اپنے چھپا رکھا تھا۔
وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان کی ہمت دیکھےئے نہ چہرے پر جھینپ اور نہ ماتھے پر شکن۔ امریکہ میں 11/9کے حملے کے ماسٹر مائنڈ کو تو سزا مل گئی لیکن 26/11 کا ماسٹر مائنڈ حافظ سعید پاکستان میں کھلے عام گھوم رہا ہے ، ریلیاں کررہا ہے۔(یو این آئی )
Comments are closed.