ایس پی او ہتھیاروں کی کھیپ لیکر پُر اسرار طور پر فرار ،ہائی الرٹ جاری

سرینگر : سرینگر اور جنوبی کشمیر میں جمعہ کی شام اُس وقت سیکیورٹی الرٹ جاری کیا گیا جب میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ڈی پی کے ممبر اسمبلی وچی شوپیان ایڈوکیٹ اعجاز میر کی حفاظت پر مامور ایس پی او جسکی شناخت عادل بشیر شیخ ولد بشیر احمد بلٹ نمبر 488-SPO ساکنہ زینہ پورہ شوپیان کے بطور ہوئی ،کم ازکم 8 رائفلوں سمیت پُراسرار طور پر غائب ہوا .

خبررساں ادارے جی این ایس کے مطابق مذکورہ ممبر اسمبلی کی رہائش گاہ جواہر نگر سرینگر سے ایس پی او ساتھیوں کے بندوقوں سمیت لاپتہ ہوگیا ہے .بتایا جاتا ہے کہ جمعہ کی شام مذکورہ ایس پی او7اے کے 47 رائفل اور ایک پستول لیکر فرار ہوگیا ہے .

مذکورہ اہلکار ممبر اسمبلی کی سرکاری رہائش گاہ J-11کواٹر جواہر نگر پر تعینات تھا.اس واقعہ کی تصدیق پولیس کے اعلیٰ حکام نے کی ہے .

معلوم ہوا ہے کہ شیخ کو محکمہ پولیس میں 11 مارچ 2017 میں بطور ایس پی او تعینات کیا گیا تھا .واقعہ کے بعد سرینگر اور جنوبی کشمیر میں سیکیورٹی الرٹ جاری کیا گیا جبکہ مذکورہ اہلکار کو تلاش کرنے کی غرض سے چھاپہ ماری کا سلسلہ شروع ہوگیا .

ماضی میں بھی اس طرح کے کئی واقعات رونما ہو ئے .گزشتہ روز بڈگام میں ایس پی او سے جنگجو بنے عرفان احمد ڈار معرکہ آرائی کے دوران جاں بحق ہوا .

پولیس اہلکاروں کی جانب سے نوکری چھوڑ کر جنگجوئیت کی راہ اختیار کرنے کا پہلا واقعہ اُس وقت سامنے آیا جب کئی برس قبل اُس وقت کے تعمیرات عامہ کے وزیر سید الطاف بخاری کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار اسلحہ سمیت جنگجوئوں کے صف میں شامل ہوا تھا .

Comments are closed.