کشمیری آشپازوں کیلئے انتظامیہ کاہدایت نامہ

سری نگر:ریاستی سرکار نے وازوان تیار کرنے کے دوران آشپازوں کی جانب سے مبینہ طور مضر صحت کیمیائی رنگوں کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کے لئے ایک اہم اقدام کے بطور آشپازوں کے لئے ایک ایڈوائزری جاری کردی ہے۔

فوڈ سیفٹی اتھارٹی حکام کی جانب سے ایک ہدایت نامہ جاری کیاگیاہے ، جس میں متعلقہ کمشنر نے وازوان تیار کرنےوالے آشپازوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ کسی بھی جگہ وازوان تیار کرنے کے لئے جانے سے قبل متعلقہ دفتر کو مطلع کیاکریں۔ کمشنر فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے آشپازوں سے کہا کہ وہ اس جگہ کے بارے میں حکام کو پیشگی آگاہی فراہم کیاکریں ، جہاں انہیں وازوان تیار کرنے کے لئے جانا ہو۔

کمشنر فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے اس کے ساتھ ہی واضح کیاہے کہ وازوان کے مختلف پکوان تیار کرنے کے دوران آشپاز کسی بھی طرح کے کیمیائی رنگ یا دوسری ایسی کوئی چیز استعمال نہیں کرسکتے ہیں کیونکہ ایسے مصنوعی رنگ کھانے والوں کے لئے مضر صحت ثابت ہورہے ہیں۔

کمشنر فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے عام لوگوں کو مشورہ دیاہے کہ وہ اپنی اوراپنے دوست واحباب کی صحت وسلامتی کے لئے خودبھی اس بات کا خیال رکھیں کہ پکوان تیار کرنے کے دوران آشپاز کیمیائی یا مصنوعی رنگوں کا استعمال نہ کریں۔ انہوںنے واضح کیاکہ انتظامیہ روایتی وازوان کے خلاف نہیں ہیں بلکہ ہم چاہتے ہیں کہ ایسے پکوان تیار کرنے کے دوران روایتی اور آمودہ مصالحہ جات کا ہی استعمال کیاجائے۔

کمشنر فوڈ سیفٹی نے فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریوںکی کارکردگی کا جائزہ لیا
کمشنر فوڈ سیکرٹری ڈاکٹر عبدالکبیر ڈا ر نے ایک میٹنگ کے دوران ریاست میں قائم فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریوں کے قیام کے عمل اور کارکردگی کا جائزہ لیا۔
میٹنگ کے دوران کمشنر کو پچھلے چار مہینوں کے دوران فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریوں میں عمل میںلائے گئے مختلف ٹیسٹوں اور حصولیابیوں کے بارے میں جانکاری دی گئی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ 1125 نمونوں میں سے 764 نمونوں کی جانچ کی گئی اور 361نمونے درست نہیں پائے گئے۔
اس موقعہ پر پبلک اننالسٹ اور فوڈ اننالسٹوں کو ہدایت دی گئی کہ وہ باقاعدگی کے ساتھ جانچ کئے گئے نمونوں کے بارے میں رِپورٹ پیش کریںاور اس سلسلے میں بہتر نتائج حاصل کرنے کے لئے اعلیٰ لیبارٹری پرایکٹسس عمل میں لائیں۔
کمشنر نے متعلقین پر زور دیا کہ وہ اپنی نوعیت کی منفرد فوڈ لیبارٹریوںکو استعمال میںلائیں اور خوراک سے متعلق نمونوں کی جانچ کے لئے فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریوں کو بہتر ڈھنگ سے چلانے کے اقدامات کریں۔
میٹنگ میں کنٹرولر ڈرگس اینڈ فوڈ کنٹرول آرگنائزیشن جے اینڈ کے لوٹیکا کھجوریہ، اسسٹنٹ کمشنر فوڈ سیفٹی ایچ کیو ، ایڈمنسٹریٹیو آفیسر ڈرگس اینڈ فوڈ کنٹرول آرگنائزیشن جے اینڈ کے ، اسسٹنٹ کنٹرولر فوڈ ایچ کیو ، اسسٹنٹ انجینئر ایم ای ڈی سری نگر ، فوڈ اننالسٹس کشمیر پراویژن ، پبلک اننالسٹ پبلک ہیلتھ لیبارٹری جموں / کشمیر اور مختلف کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
بعد میں کمشنر نے لیبارٹری کے مخِتلف سیکشنوں کا معائینہ کیا جن میں بائیو کمسٹر ی اور مائیکرو بیالوجی شامل ہے۔
کمشنر فوڈ سیفٹی کی خوانچہ فروشوں کو ہدایت
خوانچہ فروشوں کے دُکانوں پر فروخت ہونے والے اشیائے خوردنی کو صاف ستھرا رکھنے اور ان کا معیار قائم رکھنے پر زور دیتے ہوئے کمشنر فوڈ سیفٹی ڈاکٹر عبدالکبیر ڈار نے کہا ہے کہ لوگوں کی صحت کو مضر اثرات سے بچانے کے لئے تمام احتیاطی تدابیر اُٹھانے کی ضرورت ہے۔
ان باتوں کا اظہار کمشنر فوڈ سیفٹی نے متعلقہ محکمہ کی ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہو ئے کہا جس میں دیگر افسران کے علاوہ منیجر کارپوریٹ آفیئر س ، نیسلے انڈیاہروندر سنگھ رنہوترا بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ چوں کہ خوانچہ فروش روایتی کھانے تیار کرنے اور انہیں فروخت کرنے کے لئے ہمیشہ سے مشہور ہے ۔ان خوانچہ فروشوں کے کاروبار کا ریاست کے سیاحتی سیکٹر پر براہ راست اثرات مرتب ہوتے ہیںاور یہ پیشہ شہری علاقوں میں نوجوانوں کے خود روزکار کمانے کا ایک بڑا ذریعہ بھی موجودہے ۔
میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ 11 ، 12 اکتوبر 2018ءسری نگر اور جموں میں بیک وقت 500خوانچہ فروشوں کو بہتر اشیائے خوردنی تیار کرنے اور فروخت کرنے کی تربیت دی جائے گی۔تربیت کے دوران خوانچہ فروشوں کو صحت و صفائی یقینی بنانے اور غلاظت سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے بارے میں جانکاری دی جائے گی۔ میٹنگ میں مزید فیصلہ لیا گیا کہ چھوٹے اور درمیانہ درجے کے تاجروں کے روزگار میں بہتری لانے کے سلسلے میں بھی ضروری اقدامات کئے جائیں گے تاکہ ریاست میں سیاحت کو فروغ حاصل ہو۔
یہا ں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سٹیٹ کمشنریٹ آف فوڈ سیفٹی ، نیسلے انڈیا لمٹیڈ اور این اے ایس وی آئی نے مشترکہ طور جدید طرز کے پروگراموں کو شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Comments are closed.