بانڈی پورہ :فوج نے بانڈی پورہ کے جنگلی علاقہ چھانہ دجی میں تین عدم شناخت عسکریت پسندوں کو جھڑپ کے دوران جاں بحق کرنے کا دعویٰ کیا۔ دفاعی ترجمان نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ جنگل میں تلاشی آپریشن جاری ہے۔
شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع کے چھانہ دجی جنگلی علاقے میں فوج نے جھڑپ کے دوران تین عدم شناختی عسکریت پسندوں کو جاں بحق کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہاکہ مہلوک جنگجوﺅں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ روز فوج نے بانڈی پورہ کے جنگلی علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کیا جس دوران رات بھر جنگل کی تلاشی لی اور آج سہ پہر کے بعد فوج اور جنگل میں محصور عسکریت پسندوں کے درمیان گولیوں کا تبادلہ ہوا۔ دفاعی ذرائع کے مطابق کئی گھنٹوں تک دبدوگولیوں کا تبادلہ جاری رہنے کے بعد جھڑپ کی جگہ تین عدم شناخت جنگجوﺅں کی نعشیں برآمد کی گئی ہے۔
دفاعی ترجمان کرنل راجیش کالیا نےا س ضمن میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہاکہ 27اور 31آر آر نے مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد بانڈی پورہ کے جنگلی علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کیا جس دوران عسکریت پسندوں اور حفاظتی عملے کے درمیان گولیوں کا تبادلہ ہوا۔ ترجمان کے مطابق گولیوں کا تبادلہ تھم جانے کے بعد جھڑپ کی جگہ تین عسکریت پسندوں کی نعشیں برآمد کی گئی ہے اور اُن کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ ااور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے
۔ ترجمان کے مطابق جنگل میں تلاشی آپریشن کو مزید وسیع کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ کل صبح بانڈی پورہ کے چھانہ دجی جنگلی علاقے میں ہی فورسز اہلکاروں نے ایک دوسرے پر گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں تین اہلکار زخمی ہوئے تھے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اُن کی حالت مستحکم بتائی جار ہی ہے۔
Comments are closed.