ممبئی، : روپے کی مسلسل تنزلی کے باعث بازار میں کہرام مچا ہوا ہے، بدھ کے روز ایک ڈالر کی قیمت 70.55 کی تاریخی سطح کو چھو گئی تھی، جمعرات کو 23 پیسے کی مزید گراوٹ درج کی گئی ہے۔
خام تیل کی قیمتوں میں تیزی اور گھریلو اسٹاک مارکیٹ پر دباؤ سے انٹر بینکنگ کرنسی مارکیٹ میں روپیہ جمعرات کو 70.82 روپے فی ڈالر ہوکر تاریخ کی کمترین سطح تک لڑھک گیا۔
روپے کا آغاز جمعرات کو ایک پیسے کی معمولی بہتری کے ساتھ 70.57 روپے فی ڈالر پر ہوا۔ لیکن، بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں بڑھنے اور دنیا کی دیگر اہم کرنسیوں کے مقابلے ڈالر میں رہنے والی ابتدائی تیزی سے روپیہ 70.82 روپے فی ڈالر کے اب تک کی نچلی سطح تک لڑھک گیا۔
لندن کا بریٹ خام فیوچر آج 0.31 فیصد کی تیزی کے ساتھ 77.38 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا. اس سے امپورٹروں نے ڈالر کی مانگ بڑھا دی۔ ساتھ ہی گھریلو اسٹاک مارکیٹ میں دوپہر کے کاروبار تک فروخت کا زور رہنے سے بھی روپیہ دباؤ میں آ گیا۔
بعد میں دنیا کی دیگر چھ اہم کرنسیوں کے باسکٹ میں ڈالر میں آئی کمی سے خبر لکھے جانے تک کچھ بہتر ہوکر ہندوستانی روپیہ 70.73 روپے فی ڈالر تک واپسی کرنے میں کامیاب رہا۔
امریکی ڈالر کے مقابلہ ہندوتانی کرنسی کی تنزلی لگاتار جاری ہے اور ہر دن گراوٹ کا ایک نیا ریکارڈ قائم ہو رہا ہے۔ گزشتہ روز ہندوستانی روپے کی قیمت ڈالر کے مقابلہ سب سے کم درج کی گئی تھی اور آج یہ قیمت اس سے بھی نیچے گر گئی۔
بدھ کے روز ایک ڈالر کی قیمت 70.55 روپے تھی جبکہ جمعرات کو یہ قیمت 70.82 روپے تک پہنچ گئی۔ تاریخ میں روپے کی قیمت ڈالر کے مقابلہ اتنی کمزور کبھی نہیں ہوئی تھی۔ ( یواین آئی)
Comments are closed.