لواحقین نے فورسز پر مکانوں کو نذر آتش کرنے کا لگایا الزام
سر ینگر:(اے پی آئی):سرگرم عسکریت پسندوں کے لواحقین نے الزام لگایا کہ فورسز نے ان کے رہائشی مکانوں گن پائوڈر چھڑک کر انہیں نذر آتش کر دیا .فورسز نے رہائشی مکانوں کے نذر آتش ہونے کے بارے میں تصدیق یا تردید نہیں کی ۔
سرگرم عسکریت پسند سید نوید اور شاہجہاں کے لواحقین نے الزام لگایا کہ نازنین پورہ شوپیاں اور عشمی پورہ کے علاقوں میں فورسز اہلکاروںنے انہیں اپنے رہائشی مکانوں سے باہر نکال کر گن پائوڈر چھڑکنے کے بعد انہیں نذر آتش کر دیا جس کے نتیجے میں دو عسکریت پسندوں کے لواحقین کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہوئے ۔
عسکریت پسندوں کے لواحقین کے مطابق 29اور30اگست کی درمیانی رات کو فورسز کی جمعیت نے نازنین پورہ شوپیاں اور عشمی پورہ کے علاقوں کا محاصرہ کیا اور ان کے رہائشی مکانوں میں گھسنے کے بعد مکینوں کو باہرآنے کا حکم دینے کے بعد رہائشی مکانوں پر گن پائوڈر چھڑ ک کر انہیں نذر آتش کر دیا ۔
آگ کے شعلے بلند ہونے کے بعد فائیر اینڈ ایمر جنسی عملے نے رہائشی مکانوں میں لگی آگ کو بجھانے کیلئے اپنی خدمات انجام دی ۔سرگرم عسکریت پسندوں کے رہائشی مکان پُر اسرار طور پر نذر آتش ہونے کے بارے میں پولیس و فورسز کی جانب سے لگائے گئے الزام پر کوئی بھی تبصرہ نہیں کیا گیا ۔
ادھر عوامی حلقوں نے سرگرم عسکریت پسندوں کے رہائشی مکان نذر آتش کرنے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں ناقابل برداشت ہے اور صبر کا پیمانہ کسی بھی وقت لبریز ہو سکتا ہے ۔
واضح رہے کہ شوپیاں میں ڈی ایس پی کی حفاظت پر مامور چار پولیس اہلکاروں کی حزب المجاہدین اور جیش محمد کے عسکریت پسندوں کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد سرگرم عسکریت پسندوں کے رہائشی مکان نذر آتش کر دیئے گئے ۔
Comments are closed.