ماہرتعلیم وتبلیغ ڈاکٹرعبدالحمید فیاض نئے امیرجماعت منتخب

کہا35Aکے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی قطعاً اجازت نہیں دی جائے گی

سری نگر ماہرتعلیم وتبلیغ ڈاکٹرعبدالحمیدفیاض نئے امیرجماعت منتخب ہوگئے ،اورموصوف یکم ستمبرکوسبکدوش ہوئے امیرغلام محمدبٹ کی جگہ تین سال کیلئے منصب امارت کا چارج سنبھالیں گے۔معلوم ہواکہ جماعت اسلامی جموں وکشمیر کی نو منتخب مجلس نمائندگان کا پہلا اجلاس زیر صدارت چیف الیکشن کمیشنر غلام قادر وانی منعقد ہوا جس میں 165منتخب ارکان میں سے162 نے حصہ لیا، 2 حج بیت اللہ پر ہونے اور ایک ناسازگار صحت کی وجہ سے شمولیت نہ کرسکے۔

ارکان نمائندگان نے کثرت رائے سے ڈاکٹر عبدالحمید فیاض ساکن نادی گام شوپیان کو اگلے سہ سالہ میقات کے لےے بطور امیر جماعت اسلامی جموں وکشمیر منتخب کیا۔معلوم ہواکہ نوگام میں واقع فلاح عام ٹرسٹ میں منعقدہ مجلس نمائندگان کے اجلاس میں موجود165میں سے 79ارکان نے ڈاکٹرعبدالحمیدفیاض کے حق میں اپنے حق رائے دہی کااستعمال کیا۔جماعت اسلامی کے ایک ذمہ دارے بتایاکہ مجلس نمائندگان کاایک رکن کم سے کم30بنیادی ممبران کی نمائندگی کرتاہے ۔

انہوں نے کہاکہ امیرجماعت منتخب کرنے کیلئے کوئی الیکشن جیساعمل نہیں ہوتابلکہ مجلس نمائندگان کی غالب اکثریت کسی ایک سینئرساتھی کے حق میں اپنی رائے ظاہرکرتے ہیں ،اورپھربااتفاق رائے اُسی سینئررکن جماعت کوامیرمقرریامنتخب کیاجاتاہے ۔جماعت لیڈرنے بتایاکہ نومنتخب امیرجماعت اسلامی جموں وکشمیرڈاکٹرعبدالحمیدفیاض یکم ستمبر2018ءکو منصب امارت کا چارج سنبھالیں گے۔

معلوم ہواکہ ڈاکٹرعبدالحمیدفیاض 1956ءکو نادی گام شوپیان میں پیدا ہوئے اور انہوں نے کشمیر یونیورسٹی سے اُردو میں پی ایچ ڈی کیا ہے۔ موصوف 1976ءمیں جماعت سے متعارف ہوئے اورپہلے جماعت کی نگرانی میں قائم ایک سکول میں بحیثیت استاد فرائض انجام دینے لگے۔

1986ءمیں نظم جماعت کی ہدایت پر انہوں نے بحیثیت سیکریٹری ضلع (قیم ضلع) پلوامہ نظم جماعت میں بطور ہمہ وقتی کارکن شمولیت اختیار کی۔ ازاں بعد وہ اسلامی جمعیت طلبہ جموں وکشمیر کے ناظم اعلیٰ منتخب ہوئے اور گیارہ سال تک یہ فریضہ انجام دیتے رہے۔ اس کے بعد بحیثیت معاون قیم جماعت مرکزی نظم میں شامل ہوئے اور چھ سال تک بحیثیت قیم جماعت (سیکریٹری جنرل) اپنی منصبی ذمہ داریاںتن دہی اور خوش اسلوبی سے انجام دیتے رہے۔ اس طرح موصوف نے ضلعی اور مرکزی ذمہ دار کی حیثیت سے قابل قدر کام کیا ہے۔ وہ جماعت میں ایک شعلہ بیان مقرر کی حیثیت سے معروف ہیں اور انہیں فارسی اور اردو شاعری پر دسترس حاصل ہے علی الخصوص علامہ اقبالؒ کے وہ شیدائی مانے جاتے ہیں۔ اقامت دین کی اس تحریک میں انہیں ایک خاص مقام حاصل رہا ہے۔

جماعت اسلامی جموںوکشمیرکے ترجمان اعلیٰ ایڈوکیٹ زاہد علی کے مطابق مجلس نمائندگان کے اجلاس سے اپنے پہلے خطاب میں نومنتخب امیرجماعت ڈاکٹرعبدالحمیدفیاض نے اس عزم کو دہرایا کہ جماعت کو اس کے دستور کے مطابق آگے لے جانے میں کوئی کوتاہی نہیں کی جائے گی اور اقامت دین کی پُرامن اور جمہوری جدوجہد میں سرعت لانے کی خاطر ہر ممکنہ اقدام کیا جائے گا۔

انہوں نے اس بات کو دہرایا کہ جماعت کی سابق روایات کے مطابق پالیسی سے متعلق تمام فیصلے مجلس شوریٰ کے مشورے سے لےے جائیں گے اور جماعت کی دعوت کو عام کرانے کی خاطر تمام ممکنہ ذرائع کا استعمال کیا جائے گا۔ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے جماعت کی دیرینہ پالیسی کو دہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں یا سہ فریقی مذاکرات جس میں ہندو پاک کی حکومتوں کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر کے عوام کے حقیقی نمائندوں کی شمولیت ناگزیر ہے، میں مضمر ہے اور جماعت اسلامی دونوں ہمسایہ ممالک پر زور دیتی رہے گی کہ وہ اس ستّر سالہ پرانے انسانی مسئلے کو جموں کشمیر کے عوام کی امنگوں اور خواہشات کے مطابق حل کرنے کی خاطر موثر اقدامات کریں اور جموں کشمیر کے عوام جو اس مسئلے کے بنیادی فریق ہیں کے ساتھ مل کر ایک منصفانہ اور پائیدار حل تلاش کریں۔

انہوں نے یہ بات واضح کی کہ جہاں تک جموں کشمیر کی خصوصی پوزیشن کا سوال ہے جو اس کو آئین ہند کے دفعات 35-A اور 370 کے تحت حاصل ہے کے تحفظ کے لےے جاری عوامی تحریک کا بھرپور ساتھ دیا جائے گا اور کسی کو بھی اس پوزیشن کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کی قطعاً اجازت نہیں دی جائے گی کیونکہ یہ عارضی پوزیشن تب تک اس ریاست کو حاصل رہے گی جب تک یہاں کے عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا کوئی پائیدار حل تلاش نہیں کیا جاتا۔

Comments are closed.