سرینگر: نجی سکولوں میں طلباء کوفراہم کی جارہی ٹرانسپورٹ سہولیات سے متعلق معاملات کا جائزہ لیتے ہوئے ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے پرائیویٹ سکولوں کے منتظمین سے کہا ہے کہ وہ اس سلسلے میں عدالت عظمیٰ کی طرف سے جاری کی گئیں ہدایات پر سختی کے ساتھ عمل کریں اور طالب علموں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اُن کے والدین کا اعتماد حاصل کریں ۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے آج ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن کے کانفرنس ہال میں پرائیویٹ سکولوں کے ذمہ داران کے ساتھ بلائی گئی ایک اہم جائزہ میٹنگ کے دوران کیا۔
ناظم تعلیم نے عدالت عظمیٰ کی ہدایات کی وضاحت کرتے ہوئے سکولوں کے منتظمین سے کہا کہ وہ طلباء سے کھچاکھچ بھری گاڑیوں پر نظر رکھ کرمتعلقہ ٹرانسپورٹ ڈرائیوروں کی طرف سے ایسی حرکات سے اجتناب کئے جانے کو یقینی بنائیں۔ناظم تعلیم نے میٹنگ میں موجود پرائیویٹ سکولوں کے ذمہ داران سے کہا کہ وہ اِن سکولوں میں ٹرانسپورٹ نظام کو مکمل طور باقاعدہ بنانے کے حوالے سے 30اگست 2018تک اپنی سفارشات محکمے کو پیش کریں۔
میٹنگ میں پرائیویٹ سکولوں کے ذمہ داران کے علاوہ اُن کے نمائندوں اور محکمہ تعلیم سے وابستہ دیگر افسران نے شرکت کی۔اس دوران ناظم تعلیم کشمیر نے اِن سکولوں میں طالب علموں کو درپیش ٹرانسپورٹ معاملات سے متعلق صوبائی انتظامیہ کی طرف سے جاری کی گئیں کئی ہدایات کے بارے میں بھی شرکاء کو آگاہ کیا اور اُن پر زور دیا کہ وہ صوبائی انتظامیہ اور محکمے کی طرف سے جاری کی گئیں ہدایات پر مکمل طور عمل کرتے ہوئے طالب علموں کو محفوظ ٹرانسپورٹ سہولیات فراہم کئے جانے کو یقینی بنائیں۔
Sign in
Sign in
Recover your password.
A password will be e-mailed to you.
Comments are closed.