معاملہ 35 اے کا: سماعت کی حتمی تاریخ مقرر نہیں :مظفر شاہ

سرینگر : عوامی نیشنل کانفرنس کے سینئر نائب صدر مظفر شاہ نے واضح کیا کہ 35 اے کیس کی سماعت کے حوالے سے ابھی حتمی تاریخ مقرر نہیں کی گئی .انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے لیڈر اشونی اوپادھیا نے 35 اے کی منسوخی سے متعلق ایک عرضی دائر کی ہے ،جسے آج سپریم کورٹ میں سنا جائیگا کہ یہ عرضی قابل سماعت ہے یا نہیں جبکہ اس عرضی کا 35 اے کے کیس کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے .

اس سے قبل خبررساں ادارے اے این آئی نے ایک رپورٹ جاری کی جس میں یہ کہا گیا تھا کہ سپریم کورٹ آف انڈیا آج 35 اے کی منسوخی سے متعلق ایک عرضی کی سماعت کرے گا .یاد رہے کہ تین ہفتے قبل سپریم کورٹ نے 35 اے سے متعلق کیس کی سماعت موخر کردی تھی .

ریاستی حکومت نے پہلے ہی سپریم کورٹ میں اس کیس کے حوا لے سے ایک عرضی دائر کی ہے ،جس میں سپریم کورٹ سے اپیل کی گئی ہے کہ ریاست میں پنچایتی اور بلدیاتی انتخابات کے پیش نظر اس کیس کی سماعت فی الحال موخر کی جائے .

دفعہ 370 کے تحت ریاست جموں وکشمیر کو خصوصی پوزیشن حاصل ہے جبکہ 35 اے کے تحت ریاست کو مالکانہ حقوق حاصل ہے ،جسکے تحت کوئی بھی غیر ریاستی باشندہ جموں وکشمیر میں جائیدادیں نہیں خرید سکتا ہے اور اُسے مالکانہ حقوق حاصل ہونگے .

ایک رضاکار تنظیم ” وی دی سٹیزن” نے سپریم کورٹ میں جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن اور اسٹیٹ سبجیکٹ قانون کو چیلنج کیا اور اپنی عرضی میں کہا کہ یہ قانون غیر آئینی ہے ،جسے ختم کیا جانا چاہئے .

تاہم سپریم کورٹ آف انڈیا میں جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن اور اسٹیٹ سبجیکٹ قانون کو چیلنج کرنے کے خلاف ریاست میں خدشات کا اظہار کیا جارہا ہے کہ جموں وکشمیر کی ڈیموگرافی کو تبدیل کرنے کےلئے اس طرح کی کوششیں کی جارہی ہیں .

اس حوالے سے مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی ،میرواعظ عمرفاروق اور محمد یاسین ملک نے پہلے ہی احتجاج اور ہڑتال کی کال دی ہے .مزاحمتی قیادت نے دوسرے مرحلے کے ہڑتال کےلئے 30 اور 31 اگست کو بند کی کال دی ہے جبکہ اس کال کو کشمیر کے ہر ایک طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی حمایت حاصل ہے .

ادھر مین اسٹریم جماعتیں بھی اس حوالے سے متحدد ہیں .سپریم کورٹ آف انڈیا میں 35 اے کی منسوخی سے متعلق کئی عرضیاں دائر ہوچکی ہیں جبکہ دفاع میں بھی کم ازکم 11 عرضیاں دائر کی گئی ہیں .

ایک عرضی عوامی نیشنل کانفرنس کے سینئر نائب صدر مظفر شاہ کی جانب سے بھی دائر کی گئی ہے .انہوں نے دہلی سے فون پر تعمیل ارشاد ملٹی میڈیا گروپ کے ساتھ بات کرتے ہوئے واضح کیا کہ 35 اے کیس کی سماعت کے حوالے سے ابھی حتمی تاریخ مقرر نہیں کی گئی .

انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے لیڈر اشونی اوپادھیا نے 35 اے کی منسوخی سے متعلق ایک عرضی دائر کی ہے ،جسے آج سپریم کورٹ میں سنا جائیگا کہ یہ عرضی قابل سماعت ہے یا نہیں جبکہ اس عرضی کا 35 اے کے کیس کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے .

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ آیا سپریم کورٹ 35 اے کیس کی سماعت 31 اگست کو کرے گا یا نہیں اور غالبا اسکی تصویر آج ہی صاف ہوجائیگی .

تاہم وادی کشمیر میں سپریم کورٹ آف انڈیا میں 35 اے سے متعلق سماعت کے حوالے سے بے چینی کی لہر پائی جارہی ہے .

Comments are closed.