سرنواور بیگم باغ میں شبانہ جنگجو مخالف آپریشن

سیکورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں
پلوامہ میں جنگجوﺅں کی 3 کمین گاہ سے بڑی مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد، 4افراد گرفتار

سرینگر25اگست : سرنو پلوامہ اور بیگم باغ کاکہ پورہ میں دورانِ شب جنگجو مخالف آپریشن کے دوران تشدد بھڑک اُٹھا ، مشتعل ہجوم کو منتشر کرنے کیلئے اشک آور گیس کے گولوں کے ساتھ ساونڈ شیلوں کا بھی استعمال کیا گیا۔ دفاعی ذرائع کے مطابق جنوبی ضلع پلوامہ میں جنگجوﺅں کی نقل وحرکت کی اطلاع ملنے کے بعد تلاشی آپریشن شروع کیا گیا تاہم اس دوران کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ۔ دریں اثنا پولیس نے عسکریت پسندوں کی چار کمین گاہوں کو تباہ کرکے چار مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق 55آر آر ، 182,183بٹالین سی آر پی ایف اور ٹاسک فورس نے مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد سرنو پلوامہ گاﺅں کو دورانِ شب محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی شروع کی جس دوران مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے درمیان دیر رات تک تصادم آرائیوں کا سلسلہ جاری رہا۔ نمائندے کے مطابق سیکورٹی فورسز نے جونہی سرنو پلوامہ گاﺅں کو محاصرے میں لیا اس دوران مونگہ ہامہ اور کریم آباد گاﺅں میں مساجد کے لاوڈ سپیکروں پر اعلانات کئے گئے کہ لوگ گھروں سے باہر آئے جس کے ساتھ ہی نوجوانوں کے ایک ہجوم نے سرنو پلوامہ کی طرف پیش قدمی شروع کی ۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ نوجوانوں نے سیکورٹی فورسز پر پتھراو کیا جنہیں منتشر کرنے کیلئے اشک آور گیس کے گولوں کے ساتھ ساتھ ساونڈ شیلوں کا بھی استعمال کیا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان دیر رات تک جھڑپوں کا سلسلہ جاری رہاجس کے نتیجے میں لوگ گھروںمیں سہم کررہ گئے ۔ ادھر 50آر آر نے مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد بیگم باغ پلوامہ کے گاﺅں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق دورانِ شب سیکورٹی فورسز نے بیگم باغ پلوامہ گاﺅں کو محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی لی جس دوران مکینوں کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کئے گئے تاہم اس دوران کوئی ناخوشگوار واقع رونما نہیں ہوا۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ جنوبی ضلع پلوامہ میں عسکریت پسندوں کی نقل وحرکت کی اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے سرنو پلوامہ اور بیگم باغ علاقوں کو محاصرے میں لے کر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا ۔ دفاعی ذرائع کے مطابق سرنو پلوامہ میں مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوئیں شر پسند عناصر کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا گیا ۔ دریں اثنا پولیس ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی کشمیر میں الگ الگ مقامات پر پولیس نے عسکریت پسندوں کی چار کمین گاہوں کو تباہ کرکے وہاں سے ممنوعہ اشیاءبرآمد کرکے ضبط کی ۔ پولیس ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ کئی مشتبہ افراد کو پوچھ تاچھ کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ادھر پولیس بیان کے مطابق پولیس نے ضلع پلوامہ میں دہشت گردوں کی کمین گاہوں کا پتہ لگا کر وہاں سے قابل اعتراض اور اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرکے ضبط کیا۔ پلوامہ پلوامہ اور سیکورٹی فورسز نے راجپورہ لیتر علاقے میں رہائشی مکان پر چھاپہ ڈالا اور وہاں موجود کمین گاہ سے قابل اعتراض مواد ، آئی ای ڈی بنانے کیلئے درکار سامان کو برآمد کرکے ضبط کیا گیا جبکہ ایک ”اپر گراونڈ “ورکرکی گرفتاری عمل مین لائی گئی ۔ اسی طرح کی ایک اور کارروائی کے دوران پلوامہ کے ٹہاب اور کھالن علاقوں میں دو کمین گاہ سے اے کے میگزین، ایک انساس میگزین، اور یو بی جی ایل کو برآمد کیا گیا۔ پولیس نے کالعدم تنظیم حزب المجاہدین کیلئے کام کرنے والے تین افراد کو گرفتار کیا ۔ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن لتر اور پلوامہ میں مختلف دفعات کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے۔

Comments are closed.