ٹنگمرگ: مہلوک محکمہ جنگلات کے ملازم کی آخری رسومات آبائی علاقہ میں ادا کی گئیں .مہلوک ملازم کے جنازہ میں لوگوں کی بھاری جمعیت نے شرکت کی.
یاد رہے کہ شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے کنزر ٹنگمرگ میں گذشتہ رات نامعلوم اسلحہ برداروں نے محکمہ جنگلات کے ملازم پر گولیاں چلاکر انہیں ابدی نیند سلا دیا تھا۔
مہلوک سرکاری ملازم کی شناخت 38 سالہ طارق احمد ملک ولد ثناء اللہ ملک ساکنہ زانڈپل کنزر ٹنگمرگ کی حیثیت سے کی گئی ۔
مذکورہ مہلوک سرکاری ملازم کی آخری رسومات جمعہ کو آبائی گائوں میں ادا کی گئی جبکہ نماز جنازہ میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی .بعد ازاں اُسے آبائی قبرستان میں سپرد لحد کیا گیا.
ریاستی پولیس نے طارق احمد کی ہلاکت کے لئے لشکر طیبہ کے جنگجوؤں کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔پولیس کے ایک ترجمان نے کہا کہ لشکر طیبہ کے جنگجوؤں نے گذشتہ رات زانڈ پل میں طارق احمد کے گھر میں داخل ہوکر ان پر گولیاں چلائیں۔
انہوں نے کہا کہ طارق احمد کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی۔ پولیس ترجمان نے کہا کہ لاش کو سب ضلع اسپتال ٹنگمرگ لے جایا گیا جہاں قانونی و طبی لوازمات کی ادائیگی کے بعد طارق احمد کی لاش اُن کے ورثاء کے سپرد کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ اس ہلاکت میں لشکر طیبہ کے جنگجوؤں کا ہاتھ ہے۔ ترجمان نے کہا ’پولیس نے واقعہ کی نسبت متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کرلیا ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا ’ہلاکت کے اس واقعہ میں ملوث ایک جنگجو کی شناخت کاووسہ بڈگام کے رہنے والے یوسف ڈار عرف کانترو کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ لشکر طیبہ کے اس جنگجو کی شناخت مقامی لوگوں نے کی ہے‘۔
Comments are closed.