کوکرناگ مسلح تصادم میں ایک جنگجو جاں بحق، علاقہ میں جھڑپیں،شہری زخمی

سری نگر ، : جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے گڈول ککر ناگ میں جمعہ کی علی الصبح جنگجوؤں اور فوج و فورسز کے درمیان چھڑنے والے مسلح تصادم میں اب تک ایک جنگجو جاں بحق ہوا ہے۔

کشمیر زون پولیس کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا گیا ’ گڈول ککر ناگ مسلح تصادم میں ایک جنگجو جاں بحق ہوگیا ۔ تصادم کے مقام سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔ سرچ آپریشن جاری ہے۔ مہلوک جنگجو کی شناخت ہونا ابھی باقی ہے‘۔

ریاستی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید کے مطابق علاقہ میں دو سے تین جنگجو موجود تھے۔ علاقہ میں جنگجوؤں کی حمایت میں سڑکوں پر آنے والے لوگوں کی فورسز کے ساتھ شدید جھڑپیں ہوئی ہیں۔ ان جھڑپوں میں فورسز کی کاروائی میں ایک احتجاجی نوجوان کے شدید طور پر زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ انتظامیہ نے احتیاطی طور پر ضلع اننت ناگ میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کروادی ہیں۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ گڈول ککرناگ میں جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق مصدقہ اطلاع ملنے پر فوج وفورسز نے گذشتہ نصف شب کو مذکورہ علاقہ میں کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔

انہوں نے بتایا ’سرچ آپریشن کے دوران طرفین کا ایک دوسرے سے آمنا سامنا ہوا جس کے بعد مسلح تصادم چھڑ گیا‘۔ انہوں نے مزید بتایا ’تصادم کے مقام سے ایک جنگجو کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

علاقہ میں آپریشن جاری ہے‘۔ اس دوران پولیس سربراہ ایس پی وید نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ’اننت ناگ کے ککر ناگ علاقہ میں مسلح تصادم جاری تھا۔ علاقہ میں مبینہ طور پر دو سے تین جنگجو موجود تھے۔ فائرنگ کا سلسلہ رک گیا ہے۔ تلاشی آپریشن جاری ہے‘۔ ذرائع نے بتایا کہ علاقہ کو چاروں اطراف سے سیل کیا گیا ہے۔یو این آئی

Comments are closed.