پلوامہ میں گولیوں سے چھلنی نعش برآمد‎

پلوامہ ، جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے مرن میں گذشتہ رات نامعلوم بندوق برداروں نے ایک نوجوان کو اغوا کے بعد گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔ مہلوک نوجوان کی شناخت بونہ پورہ مرن کے رہنے والے 24 سالہ گلزار احمد بٹ ولد عبدالغنی بٹ کی حیثیت سے کی گئی ہے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ نامعلوم بندوق بردار اتوار کی رات دیر گئے بونہ پورہ مرن میں گلزار احمد کے گھر میں داخل ہوئے اور اسے بندوق کی نوک پر اغواکرکے لے گئے۔ انہوں نے بتایا ’مغوی نوجوان کی لاش پیر کی صبح نذدیکی کھیتوں سے برآمد کی گئی‘۔

ذرائع نے بتایا کہ لاش کو دیکھنے والے مقامی لوگوں نے پولیس کو مطلع کیا جس کے پولیس کی ایک پارٹی نے موقع پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا۔

انہوں نے بتایا کہ طبی اور قانونی لوازمات کی ادائیگی کے بعد مقتول نوجوان کی لاش لواحقین کے سپرد کی گئی۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ واقعہ کے سلسلے میں متعلقہ پولیس تھانے میں متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا ’ابتدائی طور پر معلوم ہوتا ہے کہ گلزار احمد کو جنگجوئوں کے ایک گروپ نے قتل کیا ہے۔ جنگجوئوں کا یہ گروپ حزب المجاہدین سے وابستہ ہے‘۔

بتایا جارہا ہے کہ مقتول نوجوان ضلع اننت ناگ کے قبضہ بجبہاڑہ میں امراض چشم کا کلینک چلاتا تھا۔ دریں اثنا پولیس نے ایک بیان جاری کرکے گلزار احمد کی ہلاکت کے لئے جنگجوئوں کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔

پولیس کے ایک ترجمان نے بیان میں کہا ’مرن پلوامہ میں جنگجو گذشتہ رات گلزار احمد بٹ کے گھر میں داخل ہوئے اور اسے اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئے‘۔ انہوں نے کہا ’پولیس کو بعدازاں گلزار کی لاش مرن پلوامہ کے نذدیکی کھیتوں سے برآمد ہوئی‘۔ ترجمان نے بیان میں مزید کہا ’ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ گلزار احمد کی ہلاکت میں حزب المجاہدین سے وابستہ ظہور ٹھوکر اور شوکت ڈار کا ہاتھ ہے‘۔

Comments are closed.