کٹھوعہ عصمت دری معاملہ۔سماجی جہدکار سے اردو یونیورسٹی کے طلبہ کا اظہار یگانگت

حیدرآباد :: (یواین آئی )مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی حیدرآباد کے طلبہ نے جموں وکشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں ہوئی عصمت دری اور قتل معاملہ میں سماجی جہدکار اور اس واقعہ کی حکام کو اطلاع دینے والے سے یگانگت کااظہار کرتے ہوئے یونیورسٹی کیمپس میں طلبہ یونین کے دفترکے سامنے یکجہتی اجلاس منعقد کیا ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے تجمل اسلام سابق صدر طلبہ یونین،عتیق چودھری ریسرچ اسکالر ،مبشر پی جی اسکالرنے پولیس کی تحویل میں اس کو اذیتیں دیئے جانے کے حالیہ الزامات کے پس منظر میں اس خدشہ کا اظہار کیا کہ طالب حسین کو ہلاک کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔اس طرح اس پورے معاملہ کوالٹادیتے ہوئے انصاف کو تہہ وبالا کیا جاسکتا ہے۔لڑکی کے بہیمانہ عصمت دری اور قتل معاملہ کے سات ماہ گذر چکے ہیں تاہم اسے ہنوز انصاف نہیں ملا ہے۔
ان طلبہ نے کہا کہ اب تک جو کچھ بھی ہوا وہ پورے خطہ کو مذہبی بنیادوں پر منقسم کرنے اور اقلیتی طبقہ کو خوفزدہ کرتے ہوئے انہیں جموں کے جنگلات سے بھگانے کی کوشش ہے ۔طلبہ نے کہاکہ طالب حسین نے کچلے ہوئے افراد کو آواز دی اور اس معاملہ کو قومی سطح پر توجہ دلائی اور اب اُس کو اس کی سزا دی جارہی ہے۔انہوں نے اس پر حالیہ حملہ کی مذمت کی اور لڑکی کیلئے تیز تر انصاف کی خواہش کی۔
یواین آئی

Comments are closed.