پندرہ اگست پر فورسز تنصیبات پر جنگجویانہ حملوں کا خدشہ
خفیہ اداروں کی جانب سے الرٹ جاری کرنے کے بعد پوری ریاست میں ہائی الرٹ
یوپی آئی
خفیہ اداروں نے لرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگجو تنظیمیں اپنی موجودگی کا احساس دلانے کیلئے یوم آزادی کے موقعے پر سیکورٹی فورسز کے کیمپوں کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ الرٹ جاری کرنے کے بعد مرکزی حکومت نے ریاست جموںوکشمیر میں تعینات سیکورٹی فورسز کے آفیسران کو تحریری طورپر آگاہ کیا ہے۔ ریاست جموںوکشمیر کے تمام فوجی کیمپوں کے اردگرد ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے اور کیمپوں کے نزدیک جانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق انٹیلی جنس بیورو نے الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 15اگست کے موقعے پر لشکر طیبہ اور جیش محمد سے وابستہ عسکریت پسند ریاست جموںوکشمیر میں فوجی کیمپوں پر حملے کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ خفیہ اداروں نے اس ضمن میں مرکزی وزارت داخلہ کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ عسکریت پسندوں کے امکانی حملوں کو ٹالنے کیلئے ریاست جموںوکشمیر میں فوری طورپر سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جائے۔ معلوم ہوا ہے کہ ریاست جموںوکشمیر کے اطراف واکناف میں موجود فوجی کیمپوں کے اردگر د سیکورٹی کو بڑھا دیا گیا ہے جبکہ عام شہریوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہا وہ کیمپوں کے نزدیک جانے سے گریز کریں۔ ذرائع نے بتایا کہ مرکزی وزارت داخلہ نے ریاست میں تعینات فوجی کمانڈروں اور پولیس سربراہ کو اس سلسلے میں تحریری طورپر آگاہ کیا ہے کہ عسکریت پسندوں کے حملوں کو ٹالنے کیلئے فوری طورپر سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جائے۔
Comments are closed.